Wed, September 16, 2026

یوٹیوب پروفائل کو چار ہندسوں کے کوڈ سے لاک کرنے کی سہولت

یوٹیوب پروفائل کو چار ہندسوں کے کوڈ سے لاک کرنے کی سہولت

کیلیفورنیا:  یوٹیوب نے ایک ہی ٹی وی پر متعدد افراد کی جانب سے اکاؤنٹ استعمال کیے جانے کی صورت میں پرائیویسی برقرار رکھنے کیلئے نیا فیچر پیش کردیا ہے، جس کے ذریعے صارف اپنے پروفائل پر چار ہندسوں کا سیکیورٹی کوڈ لگا سکے گا۔

یوٹیوب کے سربراہ نیل موہن کے مطابق پروفائل کو لاک کرنے کی یہ سہولت اب دنیا بھر کے صارفین کیلئے مرحلہ وار دستیاب کی جارہی ہے۔ اس آپشن کے ذریعے کسی مشترکہ ٹی وی پر یوٹیوب استعمال کرنے والے دوسرے افراد محفوظ کیے گئے پروفائل میں داخل نہیں ہوسکیں گے۔

فیچر فعال ہونے کے بعد صارف کی سبسکرپشنز دوسروں سے محفوظ رہیں گی، جبکہ اس کی ذاتی ویڈیو تجاویز یا ریکمنڈیشنز میں بھی کوئی دوسرا شخص تبدیلی نہیں کرسکے گا۔

پروفائل کو لاک کرنے کیلئے صارف کو ٹی وی پر یوٹیوب کھولنا ہوگا اور بائیں جانب موجود مینو سے سیٹنگز میں جاکر متعلقہ آپشن کو فعال کرنا ہوگا۔

یوٹیوب نے واضح کیا ہے کہ یہ حفاظتی لاک تمام ڈیوائسز پر خودکار طور پر لاگو نہیں ہوگا۔ اگر ایک ہی اکاؤنٹ مختلف ٹی وی یا ڈیوائسز پر استعمال کیا جارہا ہے تو ہر ڈیوائس پر الگ سے پروفائل لاک ترتیب دینا ہوگا۔

نئے فیچر میں صارفین کی سہولت کیلئے موبائل کے ذریعے ان لاک کرنے کا آپشن بھی شامل کیا گیا ہے۔ اس صورت میں ہر بار ٹی وی ریموٹ سے پن درج کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ لاک شدہ پروفائل منتخب کرنے کے بعد موبائل فون میں موجود یوٹیوب ایپ کے ذریعے اسے کھولا جاسکے گا، تاہم موبائل پر یوٹیوب کی نوٹیفکیشن سہولت فعال ہونا ضروری ہے۔

اگر کسی صارف کو اپنا سیکیورٹی کوڈ یاد نہ رہے تو وہ ٹی وی پر موجود ’فارگیٹ پاس ورڈ‘ آپشن استعمال کرسکتا ہے۔ گوگل اکاؤنٹ کی تفصیلات کے ذریعے تصدیق مکمل ہونے کے بعد پروفائل دوبارہ کھولا جاسکے گا اور صارف نیا چار ہندسوں کا کوڈ بھی مقرر کرسکے گا۔

ٹیگز: