اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے افغانستان کی جانب سے پاکستان کے سرحدی علاقوں میں کی جانے والی اشتعال انگیزی کی سخت مذمت کرتے ہوئے افغان حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اپنی سرزمین کو پاکستان کے خلاف استعمال ہونے سے روکے۔
وزیراعظم نے پاک فوج کی جانب سے افغان اشتعال انگیزی کا بھرپور اور مؤثر جواب دینے پر ان کی تعریف کی، اور کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں پاک فوج نے دشمن کی متعدد پوسٹس کو تباہ کرکے اسے پسپائی پر مجبور کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے دفاع پر کسی قسم کا سمجھوتا نہیں کرے گا اور ہر اشتعال انگیزی کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے اور پاک فوج ہمیشہ ملک کے دفاع کے لیے تیار رہتی ہے۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ پورا پاکستان اپنی سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑا ہے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ پاکستان نے کئی بار افغانستان کو وہاں موجود دہشت گرد گروپوں جیسے فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے بارے میں آگاہ کیا ہے، جو افغانستان کی سرزمین سے پاکستان کے خلاف حملے کر رہے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ افغان حکومت اس بات کو یقینی بنائے گی کہ اس کی سرزمین پاکستان کے خلاف دہشت گردوں کے لیے استعمال نہ ہو۔