معرکہ حق میں بھارت کے خلاف پاکستان کی شاندار فتح کی قومی اور عالمی میڈیا پر گونج رہی۔ بزدل دشمن نے رات کے اندھیرے میں وار کیا تو پاک فوج نے دن کے اجالے میں عبرتناک جواب دیا۔ پاک فوج کی پیشہ ورانہ مہارت اور جذبہ ایمانی نے بھارت کے اربوں ڈالر کے دفاعی نظام کو دھول چٹائی۔ بھارتی جارحیت کے خلاف پاکستان کے آپریشن بنیان مرصوص کی گونج دنیا بھر کے میڈیا پر سنائی دیا۔ عالمی دفاعی ماہرین نے آپریشن بنیان مرصوص کو بھارتی جارحیت کے خلاف مو¿ثر اور دندان شکن جواب قرار دیا۔ پاکستان کے بھارت کو منہ توڑ جواب نے دشمن کے مضبوط دفاع کے کھوکھلے دعووں کو بے نقاب کیا۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا تھا کہ جب پاکستان حملہ کرے گا تو پھر پوری دنیا دیکھے گی۔ قومی میڈیا پر بھی پاکستان کی فتح کے چرچے رہے اور اسے ملکی دفاعی تاریخ کا اہم سنگ میل قرار دیا۔ دفاعی ماہرین نے بھارتی جارحیت کے خلاف پاکستان کے جوابی حملے کو عسکری برتری کی بہترین مثال قرار دیا۔ مسلح افواج نے اپنے سے 5 گنا بڑے ازلی دشمن کو عبرتناک شکست دے کر ثابت کیا کہ ملکی دفاع ناقابل تسخیر ہے۔ معرکہ حق کے موقع پر پورے پاکستان نے جشن منایا۔ ہر طرف خوشیاں ہی خوشیاں دکھائی دیں۔ قوم ایک پیج پر دکھائی دی، ہر مکتبہ فکر کے افراد نے بھارت کو جہاں کھری کھری سنائیں وہیں پاک فوج کے حق میں نعرے لگائے۔ معرکہ حق دو ممالک کے درمیان روایتی جنگ نہیں بلکہ دو نظریات کے درمیان فیصلہ کن معرکہ تھا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ہمارے سپوتوں نے دشمن بھارت کو ایسا جواب دیا کہ اسے جان کے لالے پڑ گئے۔ معرکہ حق کے ایک سال مکمل ہونے پر اسلام آباد میں پاکستان مونومنٹ پر تقریب منعقد ہوئی جس میں فیلڈ مارشل آرمی چیف سید عاصم منیر، سربراہ پاک فضائیہ و سربراہ بحریہ سمیت اعلیٰ عسکری اور سول قیادت، بیرون ممالک کے سفیروں اور دیگر حکام نے شرکت کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ معرکہ حق کے بعد پاکستان کا مقام بلند ہوا، معرکہ حق کو فیلڈ مارشل کی قیادت میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، حمایت کرنے پر سعودیہ، چین اور دوست ممالک کا شکریہ ادا کرتے ہیں، معرکہ حق میں اللہ نے پاکستان کو عظیم مقام عطا فرمایا، ہمارے سپوتوں نے دشمن بھارت کو ایسا جواب دیا کہ اسے جان کے لالے پڑ گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاک فضائیہ کے سربراہ اور ان کی ٹیم کے ذکر کے بغیر معرکہ حق کا تذکرہ نامکمل ہے، پاک فضائیہ کے جوانوں نے دشمن کی فضائی برتری کا پول کھول دیا، نیول چیف اور ان کے ساتھ بحریہ کے جوانوں کو بھی سلام پیش کرتے ہیں۔ شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کے سچ کے بیانیے کی فتح ہوئی، بھارت آج تک پہلگام فالس فلیگ آپریشن کا ایک بھی ثبوت نہ دے سکا، شہیدوں کے خون کو سلام پیش کرتے ہیں، مقبوضہ کشمیر کے لیے حمایت اور جدوجہد جاری رکھے گا۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاک بھارت جنگ بندی کے لیے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اہم کردار ادا کیا، دو ایٹمی ممالک کے درمیان جنگ ہوتی تو اس کا انجام بہت بھیانک ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ وطن عزیز سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں، فتنة الخوارج اور فتنة الہندوستان کو ختم کرکے دم لیں گے۔ وزیراعظم نے مزید بتایا کہ فیلڈ مارشل نے ابھی ابھی آگاہ کیا ہے کہ ایران کی جانب سے امریکا کے لیے جواب پاکستان کو موصول ہو گیا ہے۔ اسی طرح ملک کے دیگر شہروں میں بھی تقاریب رکھی گئیں جہاں سیاسی قیادت نے خطاب کیے۔ گورنرز سمیت وزرائے اعلیٰ نے بھی بھارتی جارحیت پر بات کی اور معرکہ حق میں پاک فوج کی کاوشوں کا خصوصی ذکر کیا۔ لاہور کے واہگہ بارڈر پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے خصوصی شرکت کی اور سرحد پار پیغام بھجوا دیا کہ پاک فوج ہمیشہ تیار ہے۔ دشمن کی ہر سازش کو پہلے بھی ناکام بنایا گیا تھا، آئندہ بھی ہر جارحیت کا جواب دیا جائے گا۔ یہ تھی قوم کی فتح اور جشن، یہ تھی قوم کے سنہری مستقبل کی نوید۔ پاک فوج یقینی طور پر ہر خطرے کے لیے تیار ہے۔ بھارت کو سمجھ آ چکی ہے کہ پاکستان کوئی معمولی ملک نہیں، پاک فوج کوئی معمولی فوج نہیں بلکہ یہ دنیا کی ان عظیم افواج میں شامل ہیں جو پروفیشنل طریقے سے جنگ میں لڑنا بھی جانتے ہیں اور کامیابی بھی سمیٹنا جانتے ہیں۔ آج اسی فوج کی بہادری اور طاقت کی وجہ سے پاکستان سفارتی کامیابیاں سمیٹتا جا رہا ہے۔ ہر طرف پاکستان کے چرچے ہیں۔ امریکا ایران جنگ میں پاکستان ہی بہترین ثالث کے طور پر سامنے آیا ہے اور آئندہ بھی پاک فوج کا نام ہی گونجتا رہے گا۔