کیلیفورنیا : میٹا کے سی ای او مارک زکربرگ کا کہنا ہے کہ آنے والے وقت میں مصنوعی ذہانت (اے آئی) ہماری زندگیوں میں دوست، تھراپسٹ اور کاروباری مشیر کے طور پر شامل ہو جائے گی۔
ایک حالیہ کانفرنس میں بات کرتے ہوئے زکربرگ نے کہا کہ لوگ دوسروں سے جڑنا چاہتے ہیں، مگر مصروف زندگی کے باعث زیادہ دوست بنانا مشکل ہو گیا ہے۔ ان کے مطابق اے آئی انسانوں جیسا ساتھ دے سکے گی اور وہ خلا پُر کرے گی جو اکثر لوگ محسوس کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تحقیق سے پتا چلا ہے کہ بیشتر افراد کے قریبی دوستوں کی تعداد بہت کم ہوتی ہے، جبکہ دل میں زیادہ دوست رکھنے کی خواہش ہوتی ہے۔ ایسے میں اے آئی ان لوگوں کے لیے مددگار ہو گی جو تنہا ہیں یا کسی ماہر سے بات نہیں کر سکتے۔
مارک زکربرگ نے کہا کہ اے آئی نہ صرف بات کرے گی بلکہ انسانوں سے بہتر انداز میں ہماری پسند، عادتیں اور جذبات کو بھی سمجھے گی، اور یہی خصوصیت اسے ہمارے روزمرہ ساتھیوں جیسا بنا دے گی۔