کیلیفورنیا: میٹا کے بانی اور چیف ایگزیکٹو آفیسر مارک زکربرگ اور ان کی اہلیہ پریسیلا چان کو اپنے نجی مکان پر بغیر لائسنس کے سکول چلانے پر سخت تنقید کا سامنا ہے۔ ایک امریکی جریدے کی رپورٹ کے مطابق، زکربرگ اور چان نے 2021 کے قریب اپنے خاندان کے کمپاؤنڈ میں ایک اسکول قائم کیا جس میں تقریباً 30 طالب علم تعلیم حاصل کر رہے تھے، لیکن اسکول کو 2022 تک باضابطہ اجازت نہیں مل سکی تھی۔
رپورٹ میں یہ بھی ذکر کیا گیا ہے کہ زکربرگ کے پڑوسیوں نے مختلف مسائل کی شکایات درج کرائیں، جن میں سکول کی وجہ سے ہونے والی آواز، تعمیراتی سرگرمیاں، سکیورٹی کی موجودگی اور ٹریفک و پارکنگ کی مشکلات شامل ہیں۔ پڑوسیوں کا کہنا تھا کہ شہر کی انتظامیہ زکربرگ خاندان کو غیر ضروری طور پر خصوصی رعایت دے رہی ہے، جبکہ باقی عوام کو نظرانداز کیا جا رہا ہے۔
پڑوسیوں نے ایک ای میل میں یہ بھی لکھا کہ یہ انتہائی حیرت کی بات ہے کہ شہر کے حکام ایک ارب پتی خاندان کے لیے سہولت فراہم کر رہے ہیں، جبکہ باقی رہائشیوں کے ساتھ تفریق برتی جا رہی ہے۔
زکربرگ فیملی کے ترجمان نے اس بات کی وضاحت کی کہ سکول بند نہیں کیا گیا، بلکہ اسے کسی دوسرے مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔
پالو آلٹو شہر کے حکام کا کہنا تھا کہ زکربرگ خاندان کو کسی بھی قسم کی خصوصی رعایت نہیں دی گئی، اور شہر کے تمام زونیگ، تعمیراتی اور سیفٹی کے قوانین ایک جیسے طریقے سے لاگو کیے جا رہے ہیں۔ اس اسکول کو جو کہ مونٹیسوری طرز پر چلایا جا رہا تھا، جون 30 تک بند کرنے کا حکم دیا گیا تھا۔