نئی دہلی : بھارت میں جنگ بندی کے باوجود ہوائی سفر شدید متاثر ہے، جہاں ملک کے مختلف حصوں میں 32 ایئرپورٹس مکمل طور پر بند کر دیے گئے ہیں اور اب تک 444 پروازیں منسوخ ہو چکی ہیں۔ کئی اہم ایئرپورٹس پر طیارے بھی ہٹا دیے گئے ہیں، جبکہ کچھ جگہوں پر صرف فوجی یا تربیتی طیارے موجود ہیں۔
ذرائع کے مطابق امرتسر، سری نگر، جموں، لداخ، دھرم شالا، شملہ، آدم پور اور چندی گڑھ جیسے بڑے شہروں میں آج بھی کوئی پرواز نہیں اڑ سکی۔ کچھ ایئرپورٹس تو ایک ہفتے سے مکمل بند پڑے ہیں۔ مثال کے طور پر سری نگر ایئرپورٹ پر سات دنوں سے نہ کوئی پرواز اتری ہے اور نہ ہی کوئی طیارہ وہاں موجود ہے۔ راجکوٹ، بھوج، جودھ پور، لدھیانہ، بٹھنڈا، شملہ، اور دیگر شہروں میں بھی یہی صورتحال ہے، جہاں روزانہ کی معمولی پروازیں بھی مکمل طور پر معطل کر دی گئی ہیں۔ کئی جگہوں پر صرف چند چھوٹے تربیتی طیارے یا فوجی جہاز کھڑے نظر آتے ہیں۔
ابھی تک حکومتی سطح پر ان بندشوں کی کوئی واضح وجہ نہیں بتائی گئی، لیکن اندازہ ہے کہ سیکیورٹی خدشات یا فوجی سرگرمیوں کی وجہ سے فلائٹ آپریشن معطل کیا گیا ہے۔ مسافروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ روانگی سے پہلے ایئرلائنز سے تصدیق ضرور کریں۔