Wed, September 16, 2026

آبنائے ہرمز بند رہے گی، امریکی اڈوں کو نشانہ بنانا اب مجبوری ہے: ایرانی سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای 

آبنائے ہرمز بند رہے گی، امریکی اڈوں کو نشانہ بنانا اب مجبوری ہے: ایرانی سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای 

تہران (نیوز ڈیسک) ایرانی سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای نے ملک کی باگ ڈور سنبھالتے ہی دشمن قوتوں کے خلاف حتمی اور فیصلہ کن پالیسی کا اعلان کر دیا ہے۔ اپنے خطاب میں انہوں نے واضح کیا ہے کہ ایران کی جغرافیائی سالمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا اور دشمن پر دباؤ بڑھانے کے لیے عالمی تجارتی گزرگاہ آبنائے ہرمز (Strait of Hormuz) کو بند رکھا جائے گا۔
سپریم لیڈر نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ ایران اپنے شہدا، بالخصوص سید علی خامنہ ای کی شہادت اور میناب سکول کے معصوم بچوں کے خون کا حساب لیے بغیر پیچھے نہیں ہٹے گا۔ انہوں نے خطے میں موجود غیر ملکی مداخلت پر سخت وارننگ دیتے ہوئے کہاہمسایہ ممالک میں قائم امریکی فوجی اڈوں کو نشانہ بنانا اب ہماری مجبوری بن چکا ہے۔ اگر یہ اڈے بند نہ ہوئے تو ایرانی حملے بلا تعطل جاری رہیں گے۔ ہمارا ہدف صرف اور صرف خطے میں موجود امریکی فوجی تنصیبات ہیں۔
مجتبیٰ خامنہ ای نے ایرانی عوام کو دنیا کی عظیم ترین قوم قرار دیتے ہوئے کہا کہ عوام کی حمایت کے بغیر ان کے منصب کی کوئی اہمیت نہیں۔ انہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ خانہ جنگی اور ملک کو تقسیم کرنے کی غیر ملکی سازشوں کو اپنی یکجہتی سے کچل دیں۔ انہوں نے عہد کیا کہ وہ عوامی خدمت اور ملکی رہنمائی کے لیے قرآن پاک سے روشنی حاصل کریں گے۔
ایرانی سپریم لیڈر نے دشمن کو خبردار کیا کہ اگر جارحیت جاری رہی تو وہ ایسے تمام محاذوں کو فعال کر دیں گے جن کا دشمن کو اب تک تجربہ نہیں رہا۔ انہوں نے کہا کہ ایرانی فورسز نے ہمیشہ دشمن کو حاوی ہونے سے روکا ہے اور اب دشمن کے جرائم کا بدلہ لینے میں کسی قسم کی ہچکچاہٹ نہیں دکھائی جائے گی۔

ٹیگز: