Wed, September 16, 2026

عیدالاضحی، چکوال میں صفائی کا اعلیٰ انتظام

عیدالاضحی، چکوال میں صفائی کا اعلیٰ انتظام

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے عہدہ سنبھالنے کے بعد پنجاب کے شہری اور دیہی علاقوں کی صفائی ستھرائی کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے۔وزیر اعلیٰ پنجاب نے ستھرا پنجاب پروگرام کو لانچ کیا اور ڈویژنل اور ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ صفائی ستھرائی کو سو فیصد یقینی بنایا جائے۔ اس ساری محنت کا عملی مظاہرہ گزشتہ عید الاضحٰی پر پورے صوبہ پنجاب میں لوگوں کو گندگی، بدبو اور غلاظت دیکھنے کو نہ ملی ۔ شہروں اور دیہاتوں کو نہ صرف ویسٹ مینجمنٹ کی ٹیموں نے صاف کیا بلکہ ان کو دھو ڈالا اور ماحول کو خوشبو سے معطر کر دیا۔ لوگ حیران تھے کہ کیا یہ وہی پنجاب ہے جہاں عید الاضحٰی کے ختم ہونے کے بعد بھی ہفتوں صفائی کا انتظار کرنا پڑتا تھا۔ اس عید الاضحیٰ پر صفائی کا معیار دیکھ کر یہ کہنا بالکل غلط نہ ہو گا کہ اب انشاء اللہ صوبہ پنجاب صفائی کے معاملے میں نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں مثالی خطہ ہو گا۔ 
چکوال و تلہ گنگ میں بھی عید الاضحٰی کے موقع پر ڈپٹی کمشنر سارہ حیات کی سربراہی میں ضلعی انتظامیہ نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کے ویژن کے مطابق صفائی و ستھرائی کے اعلیٰ معیار قائم کئے۔ اس موقع پر چکوال کی سیاسی قیادت بھی فیلڈ میں رہی اور عید الاضحٰی کے خصوصی صفائی آپریشن کی مانیٹرنگ کرتی رہی۔ راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی اور میونسپل اداروں کے زیرِ انتظام 68 یونین کونسلوں کے عملہ صفائی نے تین روزہ صفائی آپریشن کو مکمل کیا۔ ضلعی انتظامیہ کے نگرانی میںمکمل کئے گئے آپریشن کے دوران ضلع چکوال و تلہ گنگ میں 4724 ٹن آلائشیں اٹھائی گئیں جبکہ 597 موصول ہونے والی شکایات کا فوری طور پر ازالہ کر دیا گیا۔ صفائی آپریشن میں مجموعی طور پر 754 ورکرز نے حصہ لیا جبکہ چھوٹی بڑی 267 گاڑیاں استعمال کی گئی جن میں سوزوکی ، چھوٹے ڈمپر، ٹریکٹر ٹرالی ، رکشے لفٹرز شامل ہیں۔ قربانی کے جانوروں کی آلائشوں کیلئے ماحول دوست بیگز تقسیم کیے گئے تاکہ بروقت، محفوظ اور مؤثر انداز میں ویسٹ کو ٹھکانے لگایا جا سکے۔ عوام کی آسانی اور صفائی کے عمل کی مانیٹرنگ کے لیے ڈپٹی کمشنر آفس چکوال میں کنٹرول روم بھی قائم کیا گیا۔ تمام تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز بھی اپنی اپنی تحصیلوں میں عید الاضحٰی کے تینوں دن صفائی آپریشن کی مانیٹرنگ کرتے رہے۔ پارلیمانی سیکرٹری برائے چیف منسٹر انسپکشن ٹیم وممبر صوبائی اسمبلی پنجاب چوہدری سلطان حیدر علی خان نے ڈپٹی کمشنر سارہ حیات کے ہمراہ عیدالاضحٰی کے پہلے روز چکوال شہر کا دورہ کیا اور قربانیوں کے مقامات پر ویسٹ مینجمنٹ کمپنی اور میونسپل اداروں کے کام کا جائزہ لیا۔ اے ڈی سی جی بلال بن عبد الحفیظ، اسسٹنٹ کمشنر چکوال ذیشان شریف قیصرانی، چیف آفیسر ضلع کونسل فیاض ہاشمی اور راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے نمائندے بھی ان کے ہمراہ تھے۔ پارلیمانی سیکرٹری اور ڈپٹی کمشنر نے سلاٹر ہاؤس اورشہر کے مختلف علاقوں میں انفرادی و اجتماعی قربانیوں کے مقامات پر ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی طرف سے قربانی کے جانوروں کی آلائشیں اٹھانے کے جاری عمل میں ورکرز کی کارکردگی کا گاہے بگاہے جائزہ لیتے رہے اور راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کو ہدایات جاری کیں کہ عید الاضحٰی کے تینوں ایام میں ویسٹ مینجمنٹ پلان پر عملدرآمد کیا جائے اور سخت مانیٹرنگ کی جائے تاکہ شہر اور دیہات کے کسی علاقہ میں صفائی کے مسائل پیدا نہ ہوں اور شہریوں کی طرف سے موصول ہونے والی شکایات کا بھی بروقت ازالہ کیا جائے۔ ڈپٹی کمشنر سارہ حیات نے ویسٹ مینجمنٹ کے عملے کی قربانیوں کے مقامات سے آلائشیں اٹھانے کے لئے حسبِ ضرورت گاڑیوں کی موقع پر دستیابی اور آلائشوں کی ڈمپنگ سائٹ پر فوری منتقلی کو یقینی بنانے کی ہدایات دیں تاکہ شہریوں کو حفظان صحت اور صفائی کا عمدہ ترین ماحول فراہم کیا جا سکے تاہم انہوں نے شہریوں سے بھی بار بار اپیل کی کہ وہ عملہ صفائی سے ہر ممکن تعاون کریں تاکہ شراکتی بنیاد پر شہر بھر کو مکمل طور پر صاف ستھرا رکھا جا سکے۔ ڈپٹی کمشنر چکوال نے ویسٹ مینجمنٹ کے عملے کی کارکردگی کو جانچنے کے لئے یونین کونسلز کے دورے کئے۔ کمشنر راولپنڈی ڈویژن انجینئر عامر خٹک نے عیدالاضحیٰ کے دوسرے روز ضلع چکوال کا دورہ کیا اور صفائی ستھرائی کے حوالے سے ڈی سی آفس میں قائم کنٹرول روم کا معائنہ کیا۔ کنٹرول روم کے معائنہ کے دوران کمشنر راولپنڈی نے شہری علاقوں سے قربانی کے جانوروں کی آلائشیں اٹھانے اور ڈمپنگ سائیٹس پر منتقلی کے لئے راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی انتظامیہ کے مرتب کردہ صفائی پلان پر عملدرآمد کا جائزہ لیا۔کمشنر راولپنڈی ڈویژن انجینئر عامر خٹک نے شہری علاقوں کا بھی دورہ کیا اور قربانی کے مقامات پر صفائی ستھرائی کا جائزہ لیا اور سینیٹری ورکرز کی کارکردگی پر اظہارِ اطمینان کیا۔ کمشنر راولپنڈی ڈویژن نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ عیدالاضحیٰ کے صفائی پلان کی حسبِ اہداف تکمیل کے بعد روزانہ کی بنیاد پر بھی عمدہ ترین صفائی کے انتظامات برقرار رکھے جائیں۔عیدالاضحیٰ کے تیسرے روز ڈپٹی کمشنر چکوال و تلہ گنگ سارہ حیات نے تلہ گنگ کا دودہ کیا اور عیدالاضحیٰ کے سلسلہ میں راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی و میونسپل کمیٹی کی طرف سے صفائی پلان پر عملدرآمد کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر تلہ گنگ رانا صفدر شبیر، چیف آفیسر میونسپل کمیٹی اور راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے منیجر بھی ان کے ہمراہ تھے۔ ڈپٹی کمشنر سارہ حیات نے شہری علاقوں کا بھی دورہ کیا اور قربانی کے مقامات پر ویسٹ مینجمنٹ پلان پر عملدرآمد کے ضمن میں سینیٹری ورکرز کی کارکردگی کا جائزہ لیا اور اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ورکرز کی اس سخت گرمی کے موسم میں بہترین خدمات پر خراج تحسین پیش کیا اور زیرو ویسٹ مینجمنٹ کا ہدف مکمل کرنے کے احکامات جاری کیے۔ اس موقع پر تحصیل انتظامیہ کو ہدایت کی کہ آئندہ بھی عمدہ ترین صفائی کے انتظامات روزانہ بنیادوں پر برقرار رکھے جائیں تا کہ شہریوں کو مستقل طور پر صاف ستھرا ماحول فراہم کیا جاسکے۔ ڈپٹی کمشنر سارہ حیات نے اسسٹنٹ کمشنر کے دفتر میں قائم کنٹرول روم کا بھی معائنہ کیا اور مانیٹرنگ کے بارے بریفنگ لی۔ ضلع چکوال و تلہ گنگ کی تمام تحصیلوں میں مکمل صفائی ستھرائی دیکھنے کو ملی جس کا سارا کریڈٹ ان اضلاع کی سیاسی قیادت، ڈپٹی کمشنر سارہ حیات، ضلعی انتظامیہ اور خصوصا’’راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کے عملے کو جاتا ہے جن کی انتھک محنت سے پورا علاقہ صفائی ستھرائی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

ٹیگز: