Wed, September 16, 2026

آئی سی سی اجلاس میں ون ڈے کرکٹ کے 40 اوورز کی تجویز پر فیصلہ نہ ہو سکا

آئی سی سی اجلاس میں ون ڈے کرکٹ کے 40 اوورز کی تجویز پر فیصلہ نہ ہو سکا

دبئی : انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے سالانہ اجلاس میں عالمی کرکٹ کے مختلف اہم معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا، تاہم ون ڈے کرکٹ کے اوورز میں کمی اور ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کی توسیع سے متعلق کوئی فیصلہ سامنے نہ آ سکا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اسکاٹ لینڈ کے شہر ایڈنبرا میں 8 سے 11 جولائی تک جاری رہنے والے اجلاس میں 50 اوورز کے ون ڈے فارمیٹ کو 40 اوورز تک محدود کرنے کی تجویز پر غور کیا گیا، لیکن رکن ممالک کے درمیان اس حوالے سے اتفاقِ رائے پیدا نہیں ہو سکا۔

اسی اجلاس میں ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں شریک ٹیموں کی تعداد 12 کرنے کی تجویز بھی زیر بحث آئی، تاہم اس معاملے پر بھی حتمی منظوری نہیں دی گئی اور مزید مشاورت کا فیصلہ کیا گیا۔

اجلاس کے دوران آئی سی سی نے انتظامی معاملات پر بھی اہم فیصلے کیے۔ یو ایس اے کرکٹ اور کرکٹ کینیڈا کی معطلی برقرار رکھنے کا اعلان کیا گیا، جبکہ فرانس کرکٹ کو جاری نوٹس پر برقرار رکھنے کی منظوری دی گئی۔

دوسری جانب ماریشس کرکٹ فیڈریشن کو آئی سی سی کی ایسوسی ایٹ ممبرشپ دے دی گئی، جس کے بعد کونسل کے مجموعی ارکان کی تعداد 111 ہوگئی ہے۔

آئی سی سی حکام کے مطابق عالمی کرکٹ کے مستقبل سے متعلق اہم تجاویز پر مشاورت کا سلسلہ جاری رہے گا، جبکہ ون ڈے فارمیٹ اور ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں ممکنہ تبدیلیوں پر فیصلہ آئندہ اجلاسوں میں متوقع ہے۔

ٹیگز: