اسلام آباد: او آئی سی کانفرنس برائے خواتین کا انعقاد پاکستان کی میزبانی میں جاری ہے، جسے وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے پاکستان کے لیے اعزاز قرار دیا ہے۔ کانفرنس کے تکنیکی اجلاس آج جاری ہیں، جبکہ مرکزی وزارتی اجلاس کل ہوگا۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ کانفرنس میں اسلامی تعاون تنظیم کے 57 رکن ممالک کے نمائندگان شرکت کر رہے ہیں۔ اجلاسوں میں خواتین کے کردار، ترقی اور معاشرے میں ان کی شمولیت کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
وفاقی وزیر قانون نے کہا کہ کانفرنس کے دوران خواتین کو درپیش مسائل اور چیلنجز پر بھی تفصیلی غور کیا جائے گا، جبکہ خواتین کی فلاح، ترقی اور بااختیار بنانے کے لیے تجاویز پر تبادلہ خیال ہوگا۔
انہوں نے بتایا کہ کانفرنس کے اختتام پر اسلام آباد اعلامیہ جاری کیا جائے گا، جس میں خواتین کی ترقی اور حقوق کے فروغ کے لیے مشترکہ اقدامات کا خاکہ پیش کیا جائے گا۔