اسلام آباد: نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سے ٹیلیفون پر رابطہ کرکے خطے کی تازہ صورتحال اور باہمی دلچسپی کے اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
اسحاق ڈار نے گفتگو کے دوران اس بات پر زور دیا کہ تمام متعلقہ فریق اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کی روشنی میں کشیدگی میں کمی لانے اور اعتماد سازی کے اقدامات کو آگے بڑھائیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ علاقائی چیلنجز کا حل طاقت کے استعمال میں نہیں بلکہ مذاکرات، سفارت کاری اور باہمی تعاون میں مضمر ہے۔
نائب وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان خطے میں دیرپا امن، استحکام اور تنازعات کے پرامن حل کے لیے اپنی مثبت اور مؤثر سفارتی کوششیں جاری رکھنے کے لیے پُرعزم ہے اور ہر ممکن تعمیری کردار ادا کرنے کو تیار ہے۔
دونوں وزرائے خارجہ نے خطے کی صورتحال پر قریبی رابطے برقرار رکھنے اور آئندہ بھی باقاعدہ مشاورت کا سلسلہ جاری رکھنے پر اتفاق کیا