Wed, September 16, 2026

پاکستان کا عالمی مالیاتی منڈیوں میں واپسی کا بڑا فیصلہ؛ پانڈا بانڈز کے اجرا کی تیاریاں مکمل

پاکستان کا عالمی مالیاتی منڈیوں میں واپسی کا بڑا فیصلہ؛ پانڈا بانڈز کے اجرا کی تیاریاں مکمل

اسلام آباد: وفاقی وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ حکومت کے سخت مالیاتی نظم و ضبط اور معاشی اصلاحات کے باعث ملک کا مالی خسارہ کم ہو گیا ہے اور اب پاکستان عالمی مالیاتی منڈیوں میں دوبارہ داخل ہونے کے لیے تیار ہے۔
وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب سے امریکی نائب معاون وزیر خارجہ جان مارک نے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ معاشی تعاون اور پاکستان میں جاری اصلاحات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیرِ خزانہ نے ملاقات کے دوران ملکی معیشت کی مثبت سمت کے حوالے سے اہم نکات پیش کیے۔ حکومتی اقدامات سے مالی خسارے میں واضح کمی واقع ہوئی ہے۔بیرونی ادائیگیوں کا توازن (Current Account) بہتر ہوا ہے، جو معاشی استحکام کی علامت ہے۔ آئی ٹی برآمدات میں ہونے والا حالیہ اضافہ ملکی زرمبادلہ کے ذخائر کو سہارا دے رہا ہے۔
محمد اورنگزیب نے انکشاف کیا کہ حکومت چینی مارکیٹ میں 'پانڈا بانڈز' جاری کرنے کی تیاری کر رہی ہے، جس کا مقصد عالمی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کرنا اور فنڈز کے ذرائع کو وسعت دینا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ    "پاکستان غیر ملکی سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول فراہم کر رہا ہے اور ہم بین الاقوامی منڈیوں میں اپنی ساکھ کو مزید بہتر بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔
امریکی نائب معاون وزیر خارجہ نے پاکستان میں جاری اصلاحات کے عمل کو سراہا۔ وزیرِ خزانہ نے یقین دلایا کہ حکومت مالیاتی اصلاحات کے ایجنڈے پر سختی سے کاربند رہے گی تاکہ معاشی ترقی کے ثمرات عام آدمی تک پہنچ سکیں۔

ٹیگز: