Wed, September 16, 2026

چار سال بعد پاکستان کی عالمی بانڈ مارکیٹ میں واپسی، پانڈا بانڈ کی تیاری بھی شروع

چار سال بعد پاکستان کی عالمی بانڈ مارکیٹ میں واپسی، پانڈا بانڈ کی تیاری بھی شروع

اسلام آباد: پاکستان نے چار سال کے تعطل کے بعد عالمی بانڈ مارکیٹ میں دوبارہ داخلے کی تیاری شروع کر دی ہے۔ وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے ورلڈ اکنامک فورم، ڈیووس کے موقع پر غیر ملکی جریدے بلومبرگ کو بتایا کہ حکومت آئندہ چند ہفتوں میں بانڈ اجرا کے لیے عالمی مالیاتی مشیروں کے تقرر کا عمل شروع کرے گی۔

وزیر خزانہ کے مطابق حکومت ڈالر بانڈ، یورو بانڈ اور سکوک سمیت مختلف آپشنز پر غور کر رہی ہے، جبکہ پہلی مرتبہ چینی کرنسی میں پانڈا بانڈ جاری کرنے کی تیاری بھی کی جا رہی ہے تاکہ چین کی بڑی سرمایہ مارکیٹ تک براہِ راست رسائی حاصل ہو سکے۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں افراطِ زر نمایاں طور پر کم ہو کر سنگل ڈیجٹ میں آ چکا ہے، عالمی ریٹنگ ایجنسیوں نے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ بہتر کی ہے اور زرِ مبادلہ کے ذخائر میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔ حکومت برآمدات پر مبنی ترقی کو ترجیح دے رہی ہے تاکہ مستقبل میں ادائیگیوں کے توازن کے بحران سے بچا جا سکے۔

معاشی ماہرین کے مطابق عالمی بانڈ مارکیٹ میں واپسی سرمایہ کاروں کے اعتماد کی بحالی کا ثبوت ہے اور پانڈا بانڈ کا اجرا پاکستان کے لیے نئی سرمایہ کاری کے دروازے کھول سکتا ہے۔

ٹیگز: