Wed, September 16, 2026

وزیرِ خزانہ کا عالمی مارکیٹ میں بڑا بریک تھرو: 250 عالمی اداروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت، پانڈا بانڈز لانے کا اعلان

وزیرِ خزانہ کا عالمی مارکیٹ میں بڑا بریک تھرو: 250 عالمی اداروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت، پانڈا بانڈز لانے کا اعلان

اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب نے عالمی سرمایہ کاروں کے ایک بڑے ورچوئل فورم سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے معاشی مستقبل کا نیا نقشہ پیش کر دیا ہے۔ اس اہم اجلاس میں دنیا بھر کے 250 سے زائد بڑے مالیاتی اداروں نے شرکت کی، جو پاکستان کی معاشی پالیسیوں پر بین الاقوامی برادری کے بڑھتے ہوئے اعتماد کا مظہر ہے۔
 وزیرِ خزانہ نے انکشاف کیا کہ حکومت چینی مالیاتی منڈی تک رسائی کے لیے پانڈا بانڈز کے اجرا پر کام کر رہی ہے، جبکہ یورو بانڈ اور سکوک کے ذریعے عالمی منڈیوں سے سرمایہ حاصل کرنے کے آپشنز بھی زیرِ غور ہیں۔ محمد اورنگزیب نے دو ٹوک کہا کہ آئی ایم ایف پروگرام کے اہداف کی تکمیل اور ٹیکس و توانائی کے شعبوں میں اصلاحات حکومت کی اولین ترجیح ہیں۔ انہوں نے 'رائٹ سائزنگ' اور نجکاری کے عمل کو معیشت کی بہتری کے لیے ناگزیر قرار دیا۔
اجلاس میں پاکستان کو خطے کا لاجسٹکس اور میری ٹائم حب بنانے کے عزم کو دہرایا گیا اور زراعت، معدنیات و کان کنی میں موجود وسیع مواقع کو عالمی سرمایہ کاروں کے سامنے پیش کیا گیا۔ وزیرِ خزانہ نے بتایا کہ شفافیت کے لیے ڈیجیٹل سبسڈیز اور ورچوئل اثاثوں کے لیے جدید ریگولیٹری فریم ورک پر تیزی سے کام جاری ہے۔ انہوں نے سرمایہ کاروں کو یقین دلایا کہ پاکستان اپنی تمام بیرونی مالی ذمہ داریاں وقت پر پوری کر رہا ہے اور یورو بانڈز کی حالیہ ادائیگی اس کا واضح ثبوت ہے۔اجلاس میں شریک عالمی اداروں نے پاکستان کے معاشی استحکام کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کو سراہا اور اس بات پر زور دیا کہ پالیسیوں کا تسلسل برقرار رہنے سے پاکستان غیر ملکی سرمایہ کاری کے لیے ایشیا کی بہترین منڈیوں میں شامل ہو سکتا ہے۔

ٹیگز: