اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف نے پارٹی کے پارلیمانی امور اور اسمبلیوں میں مؤثر حکمتِ عملی کے لیے 23 اراکین پر مشتمل سیاسی کمیٹی قائم کر دی ہے۔ سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی سلمان اکرم راجہ نے کمیٹی کا نوٹیفیکیشن جاری کیا، جو 12 دسمبر سے مؤثر ہوگیا ہے۔
نوٹیفیکیشن کے مطابق سیاسی کمیٹی پارلیمانی ونگز کے لیے پالیسی لائن تیار کرے گی، جبکہ پارٹی نے ضرورت کے مطابق مزید تقرریاں، تبدیلیاں اور تجربہ کار رہنماؤں پر مشتمل سب کمیٹیاں بنانے کا فیصلہ بھی کیا ہے۔
نئی کمیٹی میں چیئرمین پی ٹی آئی گوہر علی خان، سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ، ایڈیشنل سیکرٹری جنرل فردوس شمیم نقوی اور سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم شامل ہیں۔ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی اور سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر علامہ راجا ناصر عباس بھی کمیٹی کا حصہ ہوں گے۔
قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی، سابق اپوزیشن لیڈر عمر ایوب، سابق سینیٹ اپوزیشن لیڈر شبلی فراز، پنجاب اسمبلی اپوزیشن لیڈر معین ریاض قریشی اور سابق اپوزیشن لیڈر ملک احمد خان بھچر بھی کمیٹی میں شامل کیے گئے ہیں۔
اوورسیز چیپٹر کے سیکرٹری سجاد برکی، صوبائی آرگنائزرز عالیہ حمزہ، جنید اکبر، حلیم عادل شیخ اور داؤد کاکڑ کے نام بھی فہرست میں شامل ہیں، جب کہ آزاد کشمیر کے خالد خورشید اور گلگت بلتستان کے سردار قیوم نیازی علاقے کی نمائندگی کریں گے۔
مزید برآں، ٹی ٹی اے پی کے سیکرٹری جنرل اسد قیصر، قومی اسمبلی کے چیف وہپ عامر ڈوگر، سینیٹ میں لیڈر آف اپوزیشن کی کوآرڈینیٹر فوزیہ ارشد، ویمن ونگ کی صدر کنول شوزاب اور مینارٹیز ونگ کے صدر لال چند ملہی بھی سیاسی کمیٹی کا حصہ ہوں گے۔