لاہور : پاکستان میں پاسپورٹ درخواست گزاروں کے فنگر پرنٹس کی تصدیق کے عمل کو مزید آسان بنانے کے لیے ڈی جی امیگریشن اینڈ پاسپورٹس کی کاوشوں اور نادرا کے تعاون سے ایک جدید آن لائن سسٹم متعارف کروا دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق، اب ملک بھر میں پاسپورٹ کے درخواست گزار نادرا کی پاک آئی ڈی ایپ کے ذریعے اپنے فنگر پرنٹس کی تصدیق با آسانی کر سکیں گے۔ اس سسٹم میں کسی بھی قسم کی مشکلات کی صورت میں چہرے کی تصدیق کا بھی آپشن دستیاب ہوگا، جو صارفین کے لیے ایک اضافی سہولت فراہم کرے گا۔
ڈی جی پاسپورٹس، مصطفیٰ جمال قاضی نے کہا کہ ہمارا مقصد شہریوں کے لیے جدید ترین سہولتیں فراہم کرنا ہے، تاکہ وہ بغیر کسی مشکل کے پاسپورٹ کی تصدیق کے عمل کو مکمل کر سکیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ یہ نیا نظام خاص طور پر اوورسیز پاکستانیوں اور سینئر شہریوں کے لیے فائدہ مند ثابت ہوگا، جو پہلے فنگر پرنٹس کی تصدیق میں مشکلات کا سامنا کرتے تھے۔
یہ نیا نظام نہ صرف پاکستانی شہریوں کے لیے، بلکہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے بھی ایک اہم قدم ثابت ہو گا، کیونکہ اس سے پاسپورٹ کی تصدیق کا عمل مزید تیز، محفوظ اور مؤثر ہو جائے گا۔