اسلام آباد :نادرا نے شہریوں کی فنگر پرنٹس سے متعلق مشکلات دور کرنے کے لیے چہرے کی شناخت پر مبنی بائیومیٹرک تصدیقی سہولت متعارف کرا دی ہے۔
ترجمان کے مطابق، اب بزرگ شہری یا وہ لوگ جنہیں طبی وجوہات کی بنا پر فنگر پرنٹس دینے میں مشکل ہوتی ہے، نادرا کے کسی بھی مرکز میں جا کر چہرے کی شناخت سے اپنا بائیومیٹرک سرٹیفکیٹ حاصل کر سکتے ہیں۔
یہ سرٹیفکیٹ معمولی فیس کے عوض جاری کیا جائے گا اور اس میں تصویر، شناختی کارڈ نمبر، نام، ولدیت، منفرد ٹریکنگ آئی ڈی اور QR کوڈ شامل ہوگا۔ سرٹیفکیٹ 7 دن تک استعمال کے قابل ہوگا۔
یہ سہولت 20 جنوری 2026 سے تمام نادرا مراکز میں دستیاب ہوگی اور بعد میں پاک آئی ڈی موبائل ایپ کے ذریعے بھی حاصل کی جا سکے گی۔
نادرا کے مطابق یہ نظام مکمل طور پر تیار ہے اور متعلقہ اداروں سے بھی ضروری اقدامات کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔