لاہور: محکمہ موسمیات نے ملک کے شمالی اور وسطی علاقوں میں آئندہ چند روز کے دوران بارشوں اور گرج چمک کے نئے سلسلے کی پیشگوئی کردی ہے، جبکہ ممکنہ خطرات کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ایک مؤثر موسمی نظام ملک کے بالائی حصوں میں موجود ہے، جس کے باعث نشیبی علاقوں میں شہری سیلاب جبکہ پہاڑی علاقوں میں مٹی کے تودے گرنے کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔
پیشگوئی کے مطابق مون سون ہواؤں اور مغربی موسمی لہر کے اثرات کے باعث 12 اگست کی رات سے 15 اگست تک کشمیر، گلگت بلتستان، بالائی خیبر پختونخوا اور شمال مشرقی پنجاب کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے تیز بارشیں ہوسکتی ہیں۔
لاہور، گوجرانوالہ اور سیالکوٹ سمیت شمال مشرقی پنجاب کے متعدد علاقوں میں بھی بارش متوقع ہے، جبکہ اسلام آباد، راولپنڈی اور پوٹھوہار ریجن میں 13 اگست کی شام یا رات سے تیز اور موسلادھار بارشوں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ بلوچستان کے ژوب، بارکھان اور موسیٰ خیل کے ساتھ سرگودھا، فیصل آباد اور پنجاب کے دیگر اضلاع میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے۔
دریں اثنا سندھ کے جنوب مشرقی اضلاع تھرپارکر، عمرکوٹ اور سانگھڑ کے علاوہ ساحلی علاقوں میں 12 اور 13 اگست کو بارش متوقع ہے۔ تاہم سندھ کے بیشتر دیگر علاقوں میں موسم بدستور گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے۔
موسمی صورتحال کے پیش نظر شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور متعلقہ اداروں کو نشیبی و حساس علاقوں میں ضروری حفاظتی انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔