Wed, September 16, 2026

شاہ محمود قریشی کو 9 مئی کے مقدمات میں رہائی کا حکم

شاہ محمود قریشی کو 9 مئی کے مقدمات میں رہائی کا حکم

لاہور: انسداد دہشت گردی عدالت نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو 9 مئی کے جلاؤ گھیراؤ سے متعلق دو مقدمات میں بری کرتے ہوئے رہا کرنے کا حکم دے دیا ہے۔

عدالت نے جیل حکام کو ہدایت دی ہے کہ اگر قریشی کسی اور کیس میں گرفتار نہیں تو انہیں فوراً رہا کیا جائے۔ یہ فیصلہ جج منظر علی گل نے سنایا۔

یہ مقدمات لاہور کے شادمان اور کینٹ علاقوں میں ہونے والے پرتشدد مظاہروں سے متعلق تھے، جن میں سرکاری و نجی املاک کو نقصان پہنچایا گیا تھا۔

یاد رہے کہ ایک دن پہلے انہی مقدمات میں پی ٹی آئی کے دیگر رہنماؤں یاسمین راشد، عمر سرفراز چیمہ، میاں محمود الرشید اور اعجاز چوہدری کو 10 سال قید اور 6 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی گئی تھی، اور ان کی جائیدادیں ضبط کرنے کا حکم بھی جاری ہوا تھا۔

9 مئی 2023 کو عمران خان کی گرفتاری کے بعد ملک بھر میں شدید احتجاج ہوا تھا، جس دوران جناح ہاؤس لاہور پر حملہ، مسلم لیگ (ن) کے دفتر کو آگ لگانا، اور دیگر پرتشدد واقعات پیش آئے تھے۔ اس دن مختلف شہروں میں جھڑپوں، توڑ پھوڑ اور آگ زنی کے واقعات میں 8 افراد جاں بحق اور 290 زخمی ہوئے تھے، جبکہ 1900 سے زائد افراد کو گرفتار کیا گیا تھا۔ 

ٹیگز: