راولپنڈی: فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں پاکستان نے نہ صرف عسکری میدان میں بھرپور جواب دیا ہے بلکہ سفارتی اور اقتصادی محاذ پر بھی بھارت کو سخت پیغام دے دیا ہے۔ حالیہ دنوں میں امریکا کی جانب سے بلوچ لبریشن آرمی (BLA) اور مجید بریگیڈ کو دہشت گرد تنظیمیں قرار دینا پاکستان کے لیے ایک بڑی سفارتی جیت ہے، جسے بھارت کے لیے سخت دھچکا قرار دیا جا رہا ہے۔
یہ پیش رفت ایسے وقت پر ہوئی جب پاکستان کی برآمدات میں بہتری آنا شروع ہوئی ہے، جب کہ بھارت کو عالمی سطح پر بلند ٹیرف کا سامنا ہے۔ ان اقدامات سے واضح ہوتا ہے کہ جنرل عاصم منیر ایک منظم حکمتِ عملی کے تحت بھارت کو مختلف محاذوں پر گھیرنے میں مصروف ہیں۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے بھارت، سندھ طاس معاہدے اور دہشت گردی جیسے حساس معاملات پر پاکستان کا مؤقف نہایت مضبوط، واضح اور پُرعزم انداز میں پیش کیا ہے، جو عوامی سطح پر بھی پذیرائی حاصل کر رہا ہے۔ ان کی قیادت میں پاکستان کی خارجہ پالیسی میں ایک نیا اعتماد اور وضاحت نظر آ رہی ہے۔
بھارتی میڈیا اور حکومتی حلقوں میں جنرل عاصم منیر کے حوالے سے بڑھتی ہوئی تشویش اور توجہ اس بات کا ثبوت ہے کہ بھارت کو اب پہلی بار ایک ایسا مدِمقابل ملا ہے جو ایمان، ذہانت اور مقصد پر کامل یقین رکھتا ہے۔
پاکستان میں اور بیرون ملک تجزیہ کاروں کا ماننا ہے کہ فیلڈ مارشل کی موجودگی نے خطے میں طاقت کا توازن بدل دیا ہے، اور ان کی قیادت میں پاکستان پہلے سے زیادہ مضبوط اور خوداعتماد نظر آ رہا ہے۔