اسلام آباد :نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے امریکہ اور ایران کے درمیان ہونے والے حساس مذاکرات کا مشترکہ اعلامیہ جاری کر دیا ہے، جس کے مطابق 24 گھنٹے کے طویل مذاکراتی عمل کے باوجود دونوں طاقتیں کسی تحریری معاہدے تک نہیں پہنچ سکیں۔
پاکستان کی اعلیٰ ترین معاونت: نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے میڈیا کو بتایا کہ ان مذاکرات کو ممکن بنانے اور فریقین کے درمیان پل کا کردار ادا کرنے میں انہوں نے خود اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کلیدی معاونت فراہم کی۔ اسحاق ڈار کے مطابق، اسلام آباد میں 24 گھنٹے تک جامع مذاکرات کے کئی دور ہوئے، جن کا مقصد خطے میں جاری کشیدگی کا مستقل حل تلاش کرنا تھا۔ اگرچہ امریکی وفد نائب صدر جے ڈی وینس کی قیادت میں واپس روانہ ہو چکا ہے، تاہم اسحاق ڈار نے قوی امید ظاہر کی ہے کہ دونوں ممالک اسلام آباد میں ہونے والی بات چیت کے بعد جنگ بندی کی پاسداری جاری رکھیں گے۔ اعلامیہ میں واضح کیا گیا کہ پاکستان خطے میں قیامِ امن کے لیے اپنی ثالثی کی کوششوں سے پیچھے نہیں ہٹے گا اور مستقبل میں بھی اپنا متحرک کردار ادا کرتا رہے گا۔