Wed, September 16, 2026

اویس لغاری کی بجلی سستی کرنے کیلئے پاور سیکٹر میں اصلاحات تیز کرنے کی یقین دہانی

 اویس لغاری کی بجلی سستی کرنے کیلئے پاور سیکٹر میں اصلاحات تیز کرنے کی یقین دہانی

اسلام آباد:وفاقی وزیرِ توانائی اویس لغاری نے کہا ہے کہ بجلی کی طلب میں پائیدار اضافہ اور پاور سیکٹر کی لاگت میں کمی حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہے، جبکہ صنعت، زراعت، الیکٹرک گاڑیوں اور ڈیٹا سینٹرز میں بجلی کے استعمال کو بڑھانے پر توجہ دی جارہی ہے۔

 پاکستان بزنس کونسل کے وفد نے وفاقی وزیرِ توانائی سے ملاقات کی، جس میں بجلی کی طلب بڑھانے، دستیاب پیداواری صلاحیت کے مؤثر استعمال اور پاور سیکٹر کی لاگت کم کرنے سے متعلق تجاویز پر غور کیا گیا۔

 پاکستان بزنس کونسل کے مطابق آئندہ 5 سے 7 سال میں بجلی کی طلب میں 45 ٹیرا واٹ آور تک اضافہ ممکن ہے۔ طلب میں اضافے سے فکسڈ کیپیسٹی لاگت زیادہ یونٹس پر تقسیم ہوگی، جس کے نتیجے میں بجلی کی مجموعی لاگت کم کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔

 اویس لغاری نے بتایا کہ 2 کروڑ 10 لاکھ صارفین کو 40 سے 50 فیصد تک سبسڈی حاصل ہورہی ہے، تاہم حکومت کراس سبسڈی کا بوجھ کم کرکے پاور سیکٹر کو مزید پائیدار بنانا چاہتی ہے۔

 وفاقی وزیر کے مطابق گزشتہ دو سال کے دوران ڈسکوز کے نقصانات میں کمی سے 265 ارب روپے کی بچت ہوئی ہے۔ ٹائم آف یوز ٹیرف کے ذریعے صنعتی شعبے کو اضافی بجلی کم نرخوں پر فراہم کی جائے گی، جس سے بجلی کی طلب میں اضافہ متوقع ہے۔

 انہوں نے کہا کہ درآمدی کوئلے سے چلنے والے پاور پلانٹس کو مقامی کوئلے پر منتقل کرنے کے حوالے سے مطالعات مکمل کرلیے گئے ہیں، مقامی کوئلے کے استعمال سے درآمدی ایندھن پر انحصار اور بجلی کی پیداواری لاگت کم ہونے کی توقع ہے۔

 اویس لغاری نے کہا کہ حکومت صارفین پر غیر ضروری مالی بوجھ کم کرنے کے لیے اقدامات کررہی ہے اور مستقبل قریب میں سو فیصد بجلی کی فراہمی کے ہدف کے حصول کے لیے بھی کام جاری ہے۔

ٹیگز: