اسلام آباد: وفاقی حکومت نے اپنے تمام سرکاری ملازمین کے لیے ہاؤس رینٹ الاؤنس میں 85 فیصد اضافے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ اضافہ گریڈ 1 سے 22 تک کے تمام ملازمین پر لاگو ہوگا، چاہے وہ مستقل ہوں یا کنٹریکٹ پر۔
وزارت خزانہ نے اس تجویز کو منظور کر لیا ہے، اور اب یہ فیصلہ حتمی منظوری کے لیے جلد وفاقی کابینہ کے اجلاس میں پیش کیا جائے گا۔ نئے الاؤنس کا حساب اب ملازمین کی موجودہ بنیادی تنخواہ کی بنیاد پر کیا جائے گا، جبکہ اس سے قبل یہ 2008 کے پے اسکیل کے مطابق دیا جاتا تھا۔
ذرائع کے مطابق، یہ اقدام مہنگائی اور بڑھتے کرایوں کے باعث مشکلات کا شکار سرکاری ملازمین کے لیے اہم مالی ریلیف ثابت ہوگا۔ حکومتی ذرائع نے اسے گزشتہ کئی سالوں میں ہاؤس رینٹ الاؤنس میں سب سے بڑی تبدیلی قرار دیا ہے، جس کا مقصد ملازمین کے مالی بوجھ میں کمی لانا ہے۔
کابینہ کی حتمی منظوری کے بعد یہ فیصلہ فوراً نافذ کر دیا جائے گا، جس سے سرکاری ملازمین کی مالی حالت میں بہتری آنے کی توقع ہے۔