ڈیرہ اسماعیل خان: بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے دہشتگرد گروہ فتنہ الخوارج نے ڈیرہ اسماعیل خان میں پولیس ٹریننگ سکول پر حملہ کر دیا۔ حملہ آوروں نے بارود سے بھری گاڑی مرکزی گیٹ سے ٹکرا کر داخلے کی کوشش کی، تاہم سیکیورٹی اہلکاروں نے فوری ردعمل دیتے ہوئے 3 دہشتگرد موقع پر ہی ہلاک کر دیے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، دو دہشتگرد عمارت میں داخل ہونے میں کامیاب ہو گئے، جنہیں بعد ازاں گھیر کر ہلاک کیا گیا۔ دہشتگردوں کی فائرنگ سے 6 پولیس اہلکار اور کمپلیکس میں موجود مسجد کے امام شہید ہو گئے، جب کہ 12 پولیس اہلکار اور ایک شہری زخمی ہوئے۔
حملہ آوروں نے کمپلیکس کے اندر موجود مسجد کو بھی نشانہ بنایا، مسجد کو نقصان پہنچا اور امام مسجد شہید ہوئے، جو واقعے کا انتہائی افسوسناک پہلو ہے۔
سیکیورٹی فورسز نے حملے کے فوری بعد علاقے کو گھیرے میں لے کر کلیئرنس آپریشن مکمل کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، یہ حملہ 10 اور 11 اکتوبر کی درمیانی شب کیا گیا، جسے سیکیورٹی فورسز نے بہادری سے ناکام بنایا۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ قوم سیکیورٹی اداروں کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی اور دہشتگردوں کے سہولت کاروں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔