Wed, September 16, 2026

پاکستان موسمیاتی تبدیلی کے سنگین خطرات کا سامنا کر رہا ہے ، اسھاق ڈار

 پاکستان موسمیاتی تبدیلی کے سنگین خطرات کا سامنا کر رہا ہے ، اسھاق ڈار

اسلام آباد:  نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلی کے سنگین خطرات کا سامنا کر رہا ہے اور ان چیلنجز سے نمٹنے کے لیے عالمی سطح پر تعاون کی ضرورت ہے۔ انہوں نے یہ بات اسلام آباد میں مارگلہ ڈائیلاگ 2025 سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ انسانیت آج مختلف قسم کے چیلنجز سے دوچار ہے، اور ان میں موسمیاتی تبدیلی ایک بڑا خطرہ بن کر سامنے آ رہا ہے۔ پاکستان کا کاربن اخراج بہت کم ہے، مگر موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات اس پر سب سے زیادہ پڑ رہے ہیں۔

انہوں نے عالمی اداروں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ سلامتی کونسل عالمی امن کے لیے اپنی ذمہ داری پوری کرنے میں ناکام رہی ہے، اور عالمی ادارے اب کمزور ہوتے جا رہے ہیں۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے کثیرالجہتی اداروں کو مزید مضبوط کرنا ضروری ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ عالمی تعاون کے بغیر، اور اس کو مؤثر طریقے سے نافذ کیے بغیر، ان چیلنجز کا حل ممکن نہیں۔ اس کے علاوہ، عالمی معاشی مساوات کو فروغ دینے کی بھی ضرورت ہے تاکہ دنیا بھر کے ممالک میں ترقی کے یکساں مواقع مل سکیں۔

وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ دنیا بھر میں قرضوں کا بحران 100 سے زائد ممالک کو متاثر کر چکا ہے، اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی تک سب کی رسائی ضروری ہے تاکہ ہر فرد کو ترقی کے مساوی مواقع ملیں۔

اسحاق ڈار نے اپنے خطاب میں عالمی سطح پر تعاون اور یکجہتی کی اہمیت پر زور دیا تاکہ موسمیاتی تبدیلی جیسے بڑے مسائل کا مقابلہ کیا جا سکے۔

ٹیگز: