واشنگٹن: وائٹ ہاؤس نے ٹیسلا کے چیف ایگزیکٹو ایلون مسک اور ایپل کے سی ای او ٹم کک کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے آئندہ ہفتے متوقع چین کے دورے میں شامل ہونے کی دعوت دی ہے۔
بلومبرگ کی رپورٹ کے مطابق ایک وائٹ ہاؤس عہدیدار نے بتایا کہ اس اعلیٰ سطحی وفد میں امریکا کی بڑی کاروباری شخصیات بھی شریک ہوں گی۔ ان میں گولڈمین ساکس کے ڈیوڈ سولومن، بلیک اسٹون کے اسٹیفن شوارزمین، بلیک راک کے لیری فنک، سٹی گروپ کی جین فریزر اور میٹا پلیٹ فارمز کی ڈینا پاول میک کارمک شامل ہیں۔
رپورٹ کے مطابق یہ وفد ایک درجن سے زائد اہم کاروباری رہنماؤں پر مشتمل ہوگا جو صدر ٹرمپ کے ہمراہ چین کا سفر کریں گے۔ اس دورے کا مقصد بیجنگ کے ساتھ ممکنہ تجارتی معاہدوں اور خریداری کے بڑے سودوں پر بات چیت کو آگے بڑھانا بتایا جا رہا ہے۔
دوسری جانب متعلقہ کمپنیوں کی طرف سے اس معاملے پر فوری طور پر کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔
یاد رہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ 13 سے 15 مئی کے دوران چین کا دورہ کریں گے، جسے دونوں بڑی معیشتوں کے درمیان کشیدہ تعلقات کے باوجود سفارتی روابط بہتر بنانے کی کوشش کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔