لاہور : پاک بھارت جنگ بندی کے بعد پنجاب میں تعلیمی سرگرمیاں بحال کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ محکمہ اسکول ایجوکیشن نے اعلان کیا ہے کہ پیر 12 مئی سے تمام سرکاری اور نجی اسکول معمول کے مطابق دوبارہ کھول دیے جائیں گے۔
اس حوالے سے باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے، جس کے مطابق اسکولوں میں تدریسی عمل دوبارہ شروع کیا جائے گا۔ اسی طرح محکمہ ہائر ایجوکیشن نے بھی پنجاب کے تمام کالجز اور یونیورسٹیوں کو کل سے کھولنے کا اعلان کیا ہے۔ ساتھ ہی تمام تعلیمی بورڈز نے انٹرمیڈیٹ کے امتحانات کا دوبارہ آغاز کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔
جاری سالانہ امتحانات اپنے طے شدہ شیڈول کے مطابق ہوں گے، جبکہ جو دو پرچے منسوخ ہوئے تھے، ان کے لیے نئی ڈیٹ شیٹ جلد جاری کی جائے گی۔ حکام نے کہا ہے کہ تمام تعلیمی ادارے احتیاطی تدابیر اور نظم و ضبط کا خاص خیال رکھیں تاکہ تعلیمی سلسلہ بغیر کسی رکاوٹ کے جاری رہ سکے۔