Wed, September 16, 2026

ڈونلڈ ٹرمپ نے مسئلہ کشمیر کے حل کی خواہش ظاہر کر دی

 ڈونلڈ ٹرمپ نے مسئلہ کشمیر کے حل کی خواہش ظاہر کر دی

واشنگٹن :  امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر مسئلہ کشمیر کے حل کی خواہش ظاہر کر دی ہے۔ اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم "ٹرتھ سوشل" پر جاری ایک پوسٹ میں انہوں نے کہا کہ وہ پاکستان اور بھارت کے ساتھ مل کر کام کریں گے تاکہ دیکھا جا سکے کہ کیا اس تاریخی تنازعے کا کوئی پُرامن حل ممکن ہے۔

ٹرمپ نے لکھا "میں پاکستان اور بھارت کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتا ہوں، شاید ہم ہزاروں سال پرانے اس مسئلے کو کسی انجام تک پہنچا سکیں۔" انہوں نے پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ جنگ بندی کو سراہا اور دونوں ملکوں کی قیادت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ دونوں نے دانشمندی اور حوصلے کا مظاہرہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر جارحیت نہ رکی ہوتی تو بے شمار جانیں ضائع ہو سکتی تھیں۔

ٹرمپ کا کہنا تھا کہ دونوں ملکوں کی لیڈر شپ نے سمجھ لیا ہے کہ لڑائی کی قیمت بہت زیادہ ہو سکتی ہے، اور انہوں نے وقت پر فیصلہ کرتے ہوئے کشیدگی کم کی، جو ایک بڑا قدم ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے مزید کہا کہ امریکا اس عمل میں مدد فراہم کرتا رہے گا اور وہ پاکستان و بھارت کے ساتھ تجارت کو بھی فروغ دیں گے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے پہلے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر بھی کہا تھا کہ پاکستان اور بھارت، امریکا کی ثالثی میں مکمل جنگ بندی پر رضامند ہو گئے ہیں۔

ٹیگز: