واشنگٹن :امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے خلاف جاری فوجی مہم کو "توقعات سے بڑی کامیابی" قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایرانی دفاعی ڈھانچہ مکمل طور پر تباہ ہو چکا ہے اور اب جنگ کسی بھی وقت ختم ہو سکتی ہے۔
وائٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ امریکی فوج نے ایران کو اس قدر نقصان پہنچایا ہے جو چھ ہفتوں میں بھی ممکن نظر نہیں آ رہا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ "ہم اپنے طے شدہ وقت سے بہت آگے نکل چکے ہیں، ایران میں اب نشانہ بنانے کے لیے کوئی ہدف باقی نہیں بچا، وہ اپنی آزادی کھو چکا ہے۔
خطے میں سمندری جہازوں پر حملوں کے باوجود امریکی صدر نے واشگاف الفاظ میں کہاتیل کمپنیاں بلا خوف و خطر آبنائے ہرمز کا راستہ استعمال کریں، تحفظ فراہم کریں گے۔ ایران اب اس پوزیشن میں نہیں کہ جوابی کارروائی کر سکے، اس کے پاس طیارے تک نہیں بچے۔
امریکہ میں ایران کے ہمدردوں کی جانب سے کسی بھی ردعمل یا حملے کے خدشے کو مسترد کرتے ہوئے صدر نے کہا کہ انہیں اس کی کوئی فکر نہیں ہے۔
ان کاکہنا تھا کہ ہم نے ایران کو اس کی توقع سے زیادہ نقصان پہنچایا ہے۔ یہ آپریشن جس تیزی سے مکمل ہوا، وہ ناقابلِ یقین ہے۔ ہم اپنا کام جاری رکھیں گے، ہمیں دیکھنا ہے کہ اب آگے کیا ہوتا ہے، لیکن فی الحال ایران کے پاس کھونے کو کچھ نہیں بچا۔