واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مشرقِ وسطیٰ میں قیامِ امن کی کوششوں کو تیز کرتے ہوئے اسرائیل اور لبنان کے درمیان جنگ بندی کی مدت میں 3 ہفتوں کے اضافے کا اعلان کر دیا ہے۔
صدر ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کی سفیروں کے ساتھ ملاقات انتہائی خوشگوار رہی اور وہ خطے میں خونریزی کے مستقل خاتمے کے لیے پرامید ہیں۔
صدر ٹرمپ نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ پائیدار امن کے لیے حزب اللہ کا خاتمہ ضروری ہے اور اس مقصد کے لیے امریکہ لبنانی حکومت کے ساتھ مکمل تعاون کرے گا۔ امریکی صدر نے انکشاف کیا کہ وہ بہت جلد اسرائیلی وزیراعظم اور لبنانی صدر کے ساتھ ایک اہم بیٹھک کرنے والے ہیں تاکہ جنگ بندی کو ایک باقاعدہ "امن معاہدے" میں بدلا جا سکے۔
صدر نے مزید کہا کہ فریقین کے درمیان ہم آہنگی پیدا ہو رہی ہے اور وہ لبنان کو دوبارہ ایک خوشحال ملک کے طور پر دیکھنا چاہتے ہیں۔