کراچی :پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن (PNSC) نے ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے کے لیے ایک بڑا آپریشن مکمل کر لیا ہے۔ فجیرہ کی بندرگاہ سے خام تیل کی ایک بڑی کھیپ لے کر دو بڑے آئل ٹینکرز پاکستان کے لیے روانہ کر دیے گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق، مجموعی طور پر 10 لاکھ بیرل سے زائد خام تیل لانے والے دو جہازوں کی آمد کا شیڈول درج ذیل ہے۔ ایم ٹی کراچی ٹینکر 12 اور 13 مارچ کی درمیانی شب کراچی بندرگاہ پر لنگر انداز ہوگا۔ ایم ٹی شالامار جہاز بھی 13 مارچ کو خام تیل کی نئی کھیپ کے ساتھ کراچی پہنچ رہا ہے۔
اس وقت کراچی بندرگاہ پر ایم ٹی سرگودھا سے تیل کی منتقلی کا عمل آخری مراحل میں ہے۔ جہاز پر موجود کل 65,029 میٹرک ٹن خام تیل میں سے 42,000 میٹرک ٹن کی ڈسچارجنگ مکمل ہو چکی ہے، جبکہ بقیہ 23,000 میٹرک ٹن کی منتقلی تیزی سے جاری ہے۔
جہاں ایک طرف تیل کی سپلائی جاری ہے، وہیں دوسری جانب آبنائے ہرمز (Strait of Hormuz) کی بندش نے خدشات پیدا کر دیے ہیں۔ پی این ایس سی کا تیسرا چارٹرڈ جہاز ’ایم ٹی پالکی‘ اس وقت سعودی بندرگاہ 'راستنورہ' پر موجود ہے، جسے حفاظتی اقدامات کے پیشِ نظر وہیں روک دیا گیا ہے۔ حکام صورتحال کے بہتر ہونے کا انتظار کر رہے ہیں تاکہ جہاز کی بحفاظت روانگی ممکن ہو سکے۔