Wed, September 16, 2026

’ٹائٹینک‘ پوز میں ٹرمپ اور ایپسٹین کا مجسمہ: واشنگٹن میں سیاسی طنز کا نیا شاہکار

’ٹائٹینک‘ پوز میں ٹرمپ اور ایپسٹین کا مجسمہ: واشنگٹن میں سیاسی طنز کا نیا شاہکار

واشنگٹن ڈی سی:امریکی دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی میں  شہری  اس وقت حیران رہ گئے جب امریکی کانگریس کی عمارت کے بالکل قریب ایک ایسا مجسمہ نمودار ہوا جس نے سیاسی حلقوں میں ہلچل مچا دی۔ ہالی ووڈ کی بلاک بسٹر فلم 'ٹائٹینک' کے رومانوی منظر کی پیروڈی کرتے ہوئے اس مجسمے میں سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو بدنام زمانہ جیفری ایپسٹین کے ساتھ دکھایا گیا ہے۔
گمنام فنکار گروپ ’دی سیکرٹ ہینڈ شیک‘ نے اس تنقیدی فن پارے کو ’کنگ آف دی ورلڈ‘ کا نام دیا ہے۔ مجسمے میں ڈونلڈ ٹرمپ کو جہاز کے عرشے پر ایپسٹین کو تھامے ہوئے دکھایا گیا ہے، جو ان کے درمیان ماضی کے تعلقات پر ایک زوردار طنز ہے۔
یہ مجسمہ امریکی اقتدار کے مرکز ’کپٹل ہل‘ کے قریب نصب کیا گیا ہے تاکہ عالمی میڈیا کی توجہ حاصل کی جا سکے۔مجسمے کے ساتھ لگی تختی پر دونوں شخصیات کے تعلقات کو طنز کا نشانہ بنایا گیا ہے، جبکہ اطراف میں بڑے بینرز بھی آویزاں ہیں۔ یہ واقعہ ایک ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب محکمہ انصاف نے ایپسٹین کیس سے متعلق ایف بی آئی کی خفیہ دستاویزات عام کی ہیں، جن میں ٹرمپ کے خلاف نئے الزامات کے اشارے ملے ہیں۔
یہ پہلا موقع نہیں کہ اس گمنام گروپ نے امریکی سیاستدانوں کو اپنے فن کا نشانہ بنایا ہو۔ ’دی سیکرٹ ہینڈ شیک‘ اس سے قبل بھی واشنگٹن کی سڑکوں پر اسی نوعیت کے متنازع مجسمے نصب کر کے سرخیوں میں رہ چکا ہے۔ مبصرین کا کہنا ہے کہ یہ مجسمہ محض فن پارہ نہیں بلکہ ایک سیاسی بیان ہے جو طاقتور افراد کے احتساب کا مطالبہ کر رہا ہے۔
حکام کی جانب سے تاحال اس مجسمے کو ہٹانے کے حوالے سے کوئی کارروائی دیکھنے میں نہیں آئی، تاہم سیاحوں اور مقامی لوگوں کی بڑی تعداد اس "عجیب و غریب" یادگار کے ساتھ تصاویر بنواتی نظر آ رہی ہے۔

ٹیگز: