واشنگٹن/اسلام آباد: امریکی جریدے ’واشنگٹن ٹائمز‘ نے افغانستان میں جاری پاکستان کے حالیہ انسدادِ دہشت گردی آپریشن ’غضب للحق‘ پر ایک تفصیلی تجزیاتی رپورٹ شائع کی ہے، جس میں پاکستانی سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت اور حکمتِ عملی کو عالمی سطح پر سراہا گیا ہے۔
رپورٹ میں اعتراف کیا گیا ہے کہ پاکستانی سکیورٹی فورسز افغانستان کی سرزمین پر موجود فتنہ الخوارج اور ان کے سہولت کاروں کو انتہائی مہارت اور درستگی (Precision) کے ساتھ نشانہ بنا رہی ہیں۔ جریدے نے اس بات کو خاص اہمیت دی ہے کہ آپریشن 'غضب للحق' کے دوران سویلین آبادی کے تحفظ کا بھرپور خیال رکھا جا رہا ہے اور اب تک غیر متعلقہ نقصان نہ ہونے کے برابر ہے۔ تجزیے کے مطابق، یہ آپریشن اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان سرحد پار سے آنے والے خطرات کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کی مکمل فوجی صلاحیت رکھتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق 'غضب للحق' محض ایک فوجی کارروائی نہیں بلکہ ایک سوچی سمجھی دفاعی حکمتِ عملی ہے جس نے دہشت گردوں کے محفوظ ٹھکانوں کو غیر محفوظ بنا دیا ہے۔ پاکستانی فورسز کی اس کارروائی نے فتنہ الخوارج کے نیٹ ورک کو مفلوج کر کے رکھ دیا ہے۔ واشنگٹن ٹائمز کے مطابق "پاکستان نے 'غضب للحق' کے ذریعے دنیا کو دکھا دیا ہے کہ وہ اپنی سرحدوں کے دفاع کے لیے جدید ترین عسکری تکنیک اور انٹیلیجنس پر مبنی کارروائیاں کرنے میں مہارت رکھتا ہے۔
