اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے قومی اقتصادی سروے پیش کر دیا ہے، جس میں ملکی معیشت کے مختلف اشاریوں میں بہتری ظاہر کی گئی ہے۔
سروے کے مطابق رواں مالی سال شرح نمو 3.7 فیصد رہی، جبکہ پاکستان کی معیشت کا حجم 452 ارب ڈالر سے تجاوز کر گیا ہے۔ حکام کے مطابق مشرق وسطیٰ کی صورتحال نہ ہوتی تو شرح نمو 4 فیصد سے زیادہ رہنے کا امکان تھا۔
اقتصادی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ زرعی شعبے کی کارکردگی 2.89 فیصد رہی، جبکہ ڈیری اور لائیوسٹاک کا زرعی معیشت میں 60 فیصد حصہ ہے۔ فی کس سالانہ آمدن 5 لاکھ 33 ہزار 629 روپے ریکارڈ کی گئی۔
سروے کے مطابق بڑی صنعتوں میں ترقی کی شرح 6.1 فیصد، جبکہ پٹرولیم سیکٹر میں 5 فیصد گروتھ ریکارڈ کی گئی ہے۔ خدمات کے شعبے کی کارکردگی 4.09 فیصد رہی۔
ترسیلات زر میں 9 فیصد اضافہ ہوا اور 11 ماہ کے دوران یہ 38 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں، جبکہ مالی سال کے اختتام تک 41 ارب ڈالر تک پہنچنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ فوڈ، ٹیکسٹائل سمیت 16 شعبوں میں مثبت رجحان دیکھا گیا ہے اور سیمنٹ کی طلب میں بھی 10 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔