اسلام آباد : عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) نے اپنی نئی رپورٹ میں پاکستان کی معیشت کے حوالے سے پیش گوئی کی ہے کہ رواں مالی سال میں معاشی ترقی کی شرح اب 2.6 فیصد رہے گی، جو پہلے 3 فیصد لگائی گئی تھی۔
یہ مسلسل تیسری بار ہے کہ آئی ایم ایف نے پاکستان کی ترقی کی رفتار کا تخمینہ کم کیا ہے۔ اکتوبر 2024 میں اسے 3.2 فیصد کہا گیا تھا۔ آئی ایم ایف کے مطابق عالمی سطح پر پیدا ہونے والی معاشی غیر یقینی صورتحال، خاص طور پر امریکا اور چین کے تجارتی تناؤ کی وجہ سے، پاکستان سمیت دنیا کی کئی معیشتیں دباؤ کا شکار ہو رہی ہیں۔
رپورٹ میں یہ بھی ایک اچھی خبر دی گئی ہے کہ پاکستان کا کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ اب پہلے سے بہت کم ہو گیا ہے۔ پہلے یہ 3.7 ارب ڈالر تک پہنچنے کا خدشہ تھا، لیکن اب صرف 400 ملین ڈالر رہنے کی امید ہے، یعنی جی ڈی پی کا 0.1 فیصد۔ اگلے سال کے لیے یہ خسارہ بھی صرف 0.4 فیصد تک رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔