اسلام آباد: ملک بھر میں مون سون بارشوں کے نئے مرحلے کے پیش نظر نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ممکنہ سیلابی صورتحال اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے خدشات کے باعث الرٹ جاری کر دیا ہے۔ حکام کے مطابق یہ موسمی سلسلہ پیر تک برقرار رہ سکتا ہے۔
این ڈی ایم اے نے عوام کو ہدایت کی ہے کہ بارشوں کے دوران غیر ضروری نقل و حرکت سے اجتناب کریں، سرکاری ہدایات پر عمل کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی احتیاطی اقدامات اختیار کریں۔ ادارے نے میڈیا اور آگاہی مہم کے ذریعے بھی شہریوں کو محتاط رہنے کی تلقین کی ہے۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ آزاد کشمیر، گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا اور پنجاب کے مختلف علاقوں میں تیز ہوائیں چلنے، گرج چمک کے ساتھ بارش اور بعض مقامات پر موسلا دھار بارش ہونے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب کے بیشتر اضلاع میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے، جس سے موسم کی شدت میں کسی حد تک کمی آئے گی، تاہم کئی علاقوں میں ہوا میں نمی کا تناسب زیادہ رہنے کے باعث حبس برقرار رہنے کی توقع ہے۔