Thu, September 17, 2026

بلوچستان: سرہ ڈاکئی میں دہشت گردوں کا حملہ، 9 معصوم شہریوں کو قتل کردیا

بلوچستان: سرہ ڈاکئی میں دہشت گردوں کا حملہ، 9 معصوم شہریوں کو قتل کردیا

کوئٹہ : بلوچستان کے علاقے سرہ ڈاکئی میں دہشت گردوں نے ایک بار پھر اپنی درندگی کا مظاہرہ کیا اور 9 بے گناہ شہریوں کو قتل کر دیا۔ اسسٹنٹ کمشنر ژوب نوید عالم کے مطابق دہشت گردوں نے مسافروں کو بسوں سے اتار کر اغوا کیا اور پھر بے رحمی سے گولیاں مار کر انہیں قتل کر دیا۔ ان میں سے بیشتر کا تعلق پنجاب کے مختلف علاقوں سے تھا، جن میں سے دو افراد عثمان طور اور جابر طور کوئٹہ میں رہائش پذیر تھے اور اپنے والد کے انتقال کے بعد گھر واپس جا رہے تھے۔

بلوچستان حکومت کے ترجمان شاہد رند نے اس حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ پاکستان کی امن و یکجہتی کے خلاف ایک سازش ہے، اور ہم دشمنوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنا دیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے عوام دشمنوں کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بنے ہوئے ہیں اور ہم ان دہشت گردوں کو عبرتناک انجام تک پہنچائیں گے۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی اس حملے کی مذمت کی اور کہا کہ یہ ایک بزدلانہ کارروائی ہے جس میں معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا گیا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ پاکستان دشمن دہشت گردوں اور ان کے مقامی ساتھیوں کا پیچھا کرے گا اور انہیں اپنے کیے کی سزا ملے گی۔

وزیراعلیٰ بلوچستان میرسرفراز بگٹی نے کہا کہ اس حملے کا مقصد پاکستان کے امن کو تباہ کرنا ہے، اور ہم ان دہشت گردوں کو سخت جواب دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں دہشت گردی کے کسی بھی منصوبے کو ہم طاقت اور عزم کے ساتھ کچلیں گے، اور یہاں کے عوام دشمنوں کے خلاف مضبوط حصار بنیں گے۔

ٹیگز: