راولپنڈی:پاک فوج اور چین کی پیپلز لبریشن آرمی کے درمیان جاری مشترکہ انسدادِ دہشت گردی مشق “وارئیر-IX” اپنے آخری مراحل میں داخل ہو گئی۔ یہ مشق 28 نومبر کو شروع ہوئی تھی اور 14 دسمبر کو اختتام پذیر ہوگی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دو ہفتوں پر مشتمل اس مشترکہ تربیتی سرگرمی کا مقصد انسداد دہشت گردی کے شعبے میں دونوں افواج کی پیشہ ورانہ مطابقت، رابطے اور تعاون کو مزید مضبوط بنانا ہے۔
اختتامی مرحلے کی تقریب میں چین کے سفیر جیانگ زائی دونگ نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی، جبکہ چینی عسکری حکام اور پاک فوج کے چیف آف جنرل اسٹاف بھی موجود تھے۔ شرکاء کو مشق کے طریقہ کار، اس کے مختلف مراحل اور استعمال ہونے والی تکنیکوں پر بریفنگ دی گئی۔
تقریب کے دوران دونوں ممالک کے فوجی دستوں نے انسدادِ دہشت گردی ڈرلز کا عملی مظاہرہ پیش کیا، جن میں جدید جنگی مہارتیں اور آپریشنل کوآرڈینیشن شامل تھیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شرکاء نے جوانوں کی پیشہ ورانہ مہارت اور آپریشنل تیاریوں کو سراہا۔ مشق “وارئیر-IX” پاکستان اور چین کے مضبوط دفاعی تعلقات اور خطے میں امن کے لیے مشترکہ عزم کی علامت قرار دی جا رہی ہے۔