Wed, September 16, 2026

فیض حمید کے خلاف فیصلہ تاریخی لمحہ، آج حق اور سچ نے فتح پائی: عطا تارڑ

فیض حمید کے خلاف فیصلہ تاریخی لمحہ، آج حق اور سچ نے فتح پائی: عطا تارڑ

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ سابق لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کے خلاف سنایا گیا فیصلہ اس بات کی واضح مثال ہے کہ فوج کا خود احتسابی نظام انتہائی مضبوط اور مؤثر ہے۔ ان کے مطابق یہ فیصلہ حق، سچ اور انصاف کی جیت ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہا کہ فیصلے سے ثابت ہوگیا کہ فیض حمید نے اپنی اتھارٹی کا غلط استعمال کیا اور سیاسی معاملات میں مداخلت کی۔ انہوں نے بتایا کہ فیض حمید کو مکمل موقع دیا گیا کہ وہ اپنا دفاع پیش کریں، جبکہ گواہان کے بیانات اور شواہد کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد فیصلہ دیا گیا۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ریڈ لائن عبور کرنے والے کے خلاف ایکشن ہونا ضروری ہے کیونکہ قانون سب کے لیے برابر ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیض حمید ٹاپ سٹی کیس سمیت تمام الزامات میں قصور وار پائے گئے، اور ان کی سزا اس بات کا ثبوت ہے کہ کوئی عہدہ، طاقت یا عہدہ رکھنے والا شخص قانون سے اوپر نہیں۔

عطا تارڑ نے مزید کہا کہ سیاسی نوعیت کے معاملات میں تحقیقات جاری رہیں گی اور اس فیصلے نے اداروں کی ساکھ کو مزید مضبوط کیا ہے۔ ان کے بقول ’’آج کا دن اس بات کی یاد دہانی ہے کہ پاکستان میں سچ ہمیشہ سرخرو ہوتا ہے۔‘‘

ٹیگز: