Wed, September 16, 2026

بانڈڈ ویئر ہاؤسز میں بے ضابطگی برداشت نہیں، وزیراعظم کا 3 سالہ آڈٹ کا حکم

بانڈڈ ویئر ہاؤسز میں بے ضابطگی برداشت نہیں، وزیراعظم کا 3 سالہ آڈٹ کا حکم

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے ملک بھر کے کسٹمز بانڈڈ ویئر ہاؤسز کا گزشتہ تین سال کا آزادانہ تھرڈ پارٹی آڈٹ کرانے کی ہدایت کردی۔

وزیراعظم کی زیرِ صدارت فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے امور سے متعلق جائزہ اجلاس ہوا، جس میں کسٹمز بانڈڈ ویئر ہاؤسز اور ان لینڈ ریونیو انفورسمنٹ کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔

شہباز شریف نے واضح کیا کہ کسٹمز بانڈڈ ویئر ہاؤسز میں کسی بھی قسم کی بے ضابطگی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے بے ضابطگی یا غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث اہلکاروں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی ہدایت بھی کی۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر ملک بھر کے کسٹمز بانڈڈ ویئر ہاؤسز کی فزیکل اسٹاک ویریفکیشن بھی کرائی جائے گی۔ بریفنگ کے مطابق بانڈڈ تجارت ملک کی مجموعی درآمدات کا 16.5 فیصد ہے۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ ویئر ہاؤسز کی لائسنسنگ اور سیکیورٹی کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے، جبکہ ویلیوایشن ٹیسٹنگ اور انفارمیشن ٹیکنالوجی سسٹمز کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔

ٹیگز: