اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز) کی بلنگ کا جامع آڈٹ کرانے اور ان کی کارکردگی کا مؤثر نظام وضع کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا ہے کہ بجلی چوری کے خاتمے کے لیے بلاامتیاز اور سخت اقدامات کیے جائیں۔
پاور سیکٹر اصلاحات سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ تمام تقسیم کار کمپنیوں کے لیے واضح کارکردگی اہداف مقرر کیے جائیں اور ان کی بنیاد پر باقاعدگی سے جائزہ لیا جائے تاکہ بجلی کے شعبے میں شفافیت اور استعداد کار میں بہتری لائی جا سکے۔
وزیراعظم نے کہا کہ بجلی چوری قومی معیشت کو نقصان پہنچانے کا باعث بن رہی ہے، اس لیے اس ناسور کے خاتمے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں اور غفلت یا بدعنوانی کے مرتکب عناصر کے خلاف مؤثر کارروائی عمل میں لائی جائے۔