Wed, September 16, 2026

پنجاب میں مون سون بارشوں کا نیا سپیل، ممکنہ سیلاب کے خدشے پر الرٹ جاری

پنجاب میں مون سون بارشوں کا نیا سپیل، ممکنہ سیلاب کے خدشے پر الرٹ جاری

لاہور : پنجاب میں مون سون بارشوں کا نیا سلسلہ 13 اگست سے شروع ہونے والا ہے، جس کے پیش نظر پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے سیلاب کے خدشے کی وارننگ جاری کر دی ہے۔

ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق دریائے ستلج، راوی، چناب، جہلم اور ان سے جڑی ندی نالوں میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بڑھ سکتی ہے، جس سے کئی علاقے زیرِ آب آ سکتے ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر تمام اضلاع کے کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور متعلقہ محکموں کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ زراعت، صحت، آبپاشی، جنگلات، لائیوسٹاک اور ٹرانسپورٹ کے محکموں کو فوری تیاری کی ہدایت کی گئی ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے کہا ہے کہ تمام ادارے ایمرجنسی صورتحال کے لیے تیار رہیں۔ کنٹرول رومز میں عملہ چوبیس گھنٹے موجود ہو، اور ریسکیو 1122 کی ٹیمیں الرٹ رہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ دریا کے کنارے رہنے والے لوگوں کو فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل کیا جائے، اور جانوروں کو بھی محفوظ جگہ لے جایا جائے۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ دریا، نہر یا ندی نالے میں نہانے سے گریز کریں اور اگر انخلاء کی ضرورت ہو تو انتظامیہ سے مکمل تعاون کریں۔

پی ڈی ایم اے نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ موسم اور سیلاب سے متعلق اپ ڈیٹس کے لیے متعلقہ اداروں سے رابطے میں رہیں۔

ٹیگز: