لاہور :لاہور میں کھیلے گئے آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ کوالیفائر کے میچ میں پاکستان ویمنز ٹیم نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے سکاٹ لینڈ کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی۔
سکاٹ لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 32 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 186 رنز بنائے۔ کپتان کتھیرائن برائس نے 91 رنز کی متاثرکن اننگز کھیلی، جب کہ علیشا لیسٹر نے 31 اور سارہ برائس نے 21 رنز کا اضافہ کیا۔
پاکستان کی جانب سے فاطمہ ثنا نے زبردست بولنگ کرتے ہوئے 5 اوورز میں 4 وکٹیں حاصل کیں۔ سعدیہ اقبال کو دو، نشرہ سندھو اور ڈیانا بیگ کو ایک ایک وکٹ ملی۔
ہدف کے تعاقب میں پاکستان ویمنز ٹیم نے 186 رنز کا ہدف 31 اوورز میں حاصل کر لیا۔ منیبہ علی نے 71 اور عالیہ ریاض نے ناقابل شکست 68 رنز کی اننگز کھیلی، جب کہ سدرہ نواز نے 14 رنز اسکور کیے۔
عمدہ بیٹنگ اور دو کیچز پکڑنے پر عالیہ ریاض کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔ یاد رہے کہ پاکستان نے اپنے ابتدائی میچ میں آئرلینڈ کو بھی شکست دی تھی۔ اب اگلا مقابلہ 14 اپریل کو ویسٹ انڈیز کے خلاف ہوگا۔