ملتان: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے دسویں سیزن میں ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان نے کہا ہے کہ ان کی ٹیم پی ایس ایل 10 میں بہترین کھیل پیش کرنے کی پوری کوشش کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ "ہماری ٹیم کے تمام کھلاڑی میچ جیتنے کے لیے ہر ممکن محنت کر رہے ہیں۔"
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رضوان نے کہا کہ "پاکستان کے عوام ہم سے بے پناہ محبت کرتے ہیں اور ان کا غصہ ہونا بالکل حق بجانب ہے۔" انہوں نے مزید کہا کہ "پاکستانی کرکٹ شائقین نے ہمیشہ ہمیں حوصلہ افزائی دی ہے اور ہم ان کی توقعات پر پورا اُترنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔"
محمد رضوان نے کہا کہ ٹیم میں تمام بہترین کھلاڑی اور کوچز موجود ہیں، مگر ان کے خیال میں پروفیشنل کھلاڑیوں کی کمی محسوس ہوتی ہے۔ پی ایس ایل کو ایک الگ نوعیت کا ایونٹ قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ "یہ ایونٹ لوگوں کی دلچسپی کا مرکز بنتا ہے اور ہم تمام تر محنت کر رہے ہیں تاکہ شائقین کی امیدوں پر پورا اُتر سکیں۔"
انہوں نے اپنی ٹیم کی پوزیشن پر بات کرتے ہوئے کہا کہ "ملتان سلطانز میں یہ بات اچھی ہے کہ تمام فیصلے میرے ہاتھ میں ہیں۔" انٹرنیشنل میچز میں شکست کے حوالے سے رضوان نے کہا کہ "فینز کا ناراض ہونا ان کا حق ہے اور ہمیں اس بات کا پورا اندازہ ہے۔"