بیجنگ/واشنگٹن: چین نے امریکہ کی جانب سے چینی مصنوعات پر درآمدی محصولات (ٹیرف) میں اضافے کے جواب میں ہالی ووڈ فلموں پر فوری پابندی عائد کر دی ہے۔ یہ اقدام دونوں ممالک کے درمیان تجارتی کشیدگی میں ایک نئی شدت کا اشارہ دیتا ہے۔
چین کی نیشنل فلم ایڈمنسٹریشن کی جانب سے جمعرات کے روز جاری بیان میں کہا گیا کہ ہالی ووڈ فلموں کی درآمد روکنے کا فیصلہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اقدامات کے ردعمل میں کیا گیا ہے، جو چینی مصنوعات پر اضافی ٹیرف عائد کرنے کا اعلان کر چکے ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ تین دہائیوں سے چین ہر سال کم از کم 10 ہالی ووڈ فلمیں درآمد کرتا رہا ہے۔ لیکن اب چین کا کہنا ہے کہ امریکی پالیسیوں کے باعث چینی سینما انڈسٹری متاثر ہو رہی ہے، اور مقامی فلمی مارکیٹ پر دباؤ بڑھ رہا ہے۔
ادھر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی چین کے اس فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا:
"مجھے لگتا ہے کہ میں اس سے بھی بدتر فیصلے سن چکا ہوں۔"
تجارتی ماہرین اس اقدام کو چین اور امریکہ کے درمیان جاری تنازعے میں ایک سوفٹ پاور وار قرار دے رہے ہیں، جس کے اثرات صرف معیشت ہی نہیں بلکہ ثقافتی تبادلوں پر بھی پڑ سکتے ہیں۔