Wed, September 16, 2026

پانی کے ضیاع پر خطباتِ جمعہ میں شعور بیداری کی ہدایت، لاہور ہائیکورٹ میں محکمہ اوقاف کا سرکلر پیش

پانی کے ضیاع پر خطباتِ جمعہ میں شعور بیداری کی ہدایت، لاہور ہائیکورٹ میں محکمہ اوقاف کا سرکلر پیش

لاہور :لاہور ہائیکورٹ میں سموگ سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران محکمہ اوقاف کی جانب سے ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے پانی کے ضیاع پر جمعہ کے خطبات میں آگاہی دینے کا سرکلر عدالت میں پیش کر دیا گیا۔

جسٹس شاہد کریم کی سربراہی میں ہونے والی سماعت میں عدالت نے سرکلر کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ پانی کے تحفظ کے لیے معاشرتی سطح پر شعور بیدار کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ عدالت نے محکمہ ماحولیات کی جانب سے نئے سروس سٹیشنز پر پابندی کے فیصلے کو بھی سراہا۔

عدالت نے زور دیا کہ گھروں میں پانی کے بے جا استعمال سے بچاؤ کے لیے آگاہی مہم شروع کی جائے اور سیف سٹی کے ذریعے گاڑیوں کی غیر مناسب دھلائی پر بھی نگرانی کی جائے۔

عدالت نے ایل ڈی اے اور ایم سی ایل کو ہدایت دی کہ ری سائیکلنگ پلان کے بغیر گھروں کے نقشے منظور نہ کیے جائیں، جبکہ فیکٹریوں کے ویسٹ واٹر کو ٹریٹمنٹ کے بعد پی ایچ اے کو فراہم کرنے کی تجویز بھی دی گئی۔

مزید سماعت 16 اپریل تک ملتوی کر دی گئی، جبکہ مختلف اداروں کی رپورٹس عدالت میں جمع کروا دی گئیں۔

ٹیگز: