دبئی: ٹی 20 ایشیا کپ 2025 کا جوش و خروش عروج پر ہے اور آج دبئی میں ایک دلچسپ مقابلہ متوقع ہے جہاں بھارت اور متحدہ عرب امارات کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔ میچ رات 7 بج کر 30 منٹ پر شروع ہوگا۔
بھارت، جو اس وقت ٹی 20 کا عالمی چیمپئن ہے، ایک طویل وقفے کے بعد بین الاقوامی کرکٹ میں واپسی کر رہا ہے۔ شائقین کرکٹ کی نظریں خاص طور پر شبمن گل پر جمی ہوئی ہیں، جو اس بار نائب کپتان کی حیثیت سے ٹیم کا حصہ ہیں۔ انہوں نے حالیہ آئی پی ایل سیزن میں زبردست فارم دکھاتے ہوئے 650 رنز اسکور کیے اور ایشیا کپ میں ان سے بڑی توقعات وابستہ ہیں۔
دوسری طرف میزبان یو اے ای کی ٹیم حالیہ میچز میں جدوجہد کرتی نظر آئی ہے۔ وہ پاکستان، افغانستان اور حتیٰ کہ یوگینڈا کے خلاف بھی شکست کا سامنا کر چکی ہے۔ ٹیم کے کوچ لال چند راجپوت ہیں، جنہوں نے 2007 میں بھارت کو ٹی 20 ورلڈ کپ جتوانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔
آج کے میچ میں یو اے ای کے اسپنر سمرنجیت سنگھ اور بھارتی بلے باز شبمن گل کے درمیان مقابلہ دلچسپی کا باعث بنے گا۔ دبئی کی پچ کو نئی اور متحرک بتایا جا رہا ہے، جس سے توقع ہے کہ فاسٹ بولرز اور اسپنرز دونوں کو مدد ملے گی۔ تاہم، شدید گرمی اور نمی کھلاڑیوں کی فٹنس کا امتحان ضرور لے گی۔
یاد رہے کہ بھارت اور یو اے ای اس سے قبل صرف ایک بار ٹی 20 فارمیٹ میں آمنے سامنے آئے تھے، جہاں 2016 کے ایشیا کپ میں بھارت نے یو اے ای کو 9 وکٹوں سے شکست دی تھی۔
اب دیکھنا یہ ہے کہ کیا بھارت اپنے اعزاز کے دفاع کا آغاز جیت سے کرتا ہے یا میزبان ٹیم کوئی بڑا اپ سیٹ کرنے میں کامیاب ہوتی ہے۔