Wed, September 16, 2026

جمشید دستی کی نااہلی کے خلاف درخواستوں پر سماعت 16 ستمبر تک ملتوی

جمشید دستی کی نااہلی کے خلاف درخواستوں پر سماعت 16 ستمبر تک ملتوی

لاہور:سابق ایم این اے جمشید دستی کی نااہلی کے خلاف لاہور ہائی کورٹ میں دائر چار درخواستوں پر سماعت 16 ستمبر تک مؤخر کر دی گئی ہے۔

سماعت لاہور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عالیہ نیلم کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کی، جس میں جسٹس حسن نواز مخدوم اور جسٹس خالد اسحاق بھی شامل تھے۔

دورانِ سماعت عدالت نے اٹارنی جنرل آف پاکستان کو ذاتی طور پر عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا اور ان سے تحریری دلائل بھی طلب کیے۔ اٹارنی جنرل کے حاضر نہ ہونے پر عدالت نے برہمی کا اظہار کیا، جبکہ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نصر احمد نے جواب جمع کرانے کے لیے مہلت مانگی۔

عدالت نے اس کیس میں سپیکر قومی اسمبلی اور الیکشن کمیشن کے وکلا کو بھی نوٹس جاری کر کے جواب طلب کیا ہے۔ عدالت نے ہدایت کی کہ اگلی سماعت سے کیس کی سماعت روزانہ کی بنیاد پر کی جائے گی تاکہ جلد فیصلہ سامنے آ سکے۔

خیال رہے کہ عدالت نے پہلے ہی مظفرگڑھ کے حلقہ این اے 175 میں انتخابات کا شیڈول عارضی طور پر روک رکھا ہے۔ جمشید دستی نے اپنی درخواستوں میں الیکشن کمیشن کے فیصلے اور عدالت کے دائرہ اختیار کو چیلنج کیا ہے۔

ٹیگز: