Wed, September 16, 2026

کراچی کی اہم شاہراہ کو ڈیڑھ ماہ سے زائد عرصہ کیلئے بند کرنے کا فیصلہ

کراچی کی اہم شاہراہ کو ڈیڑھ ماہ سے زائد عرصہ کیلئے بند کرنے کا فیصلہ

کراچی: واٹر اینڈ سیوریج امپروومنٹ پروجیکٹ کے تحت کراچی کے نیپا چورنگی سے وفاقی اردو یونیورسٹی تک روڈ 10 نومبر سے 30 دسمبر تک بند کر دی جائے گی۔ روڈ بند ہونے کا مقصد پانی کی نئی لائنوں کی تنصیب ہے، جو پہلے مرحلے میں وفاقی اردو یونیورسٹی تک بچھائی جائیں گی، جبکہ دوسرے مرحلے میں حسن سکوائر سے نیپا چورنگی تک کام کیا جائے گا۔

کے ڈبلیو ایس ایس آئی پی حکام کے مطابق، ٹریفک کو نیپا چورنگی سے الہ دین پارک کی طرف موڑا جائے گا، جس سے شہریوں کو متبادل راستوں کا استعمال کرنا پڑے گا۔ تاہم، اس منصوبے کا شہریوں کو کافی نقصان ہو رہا ہے اور سڑکوں پر سفر کرنا مزید مشکل ہو گیا ہے۔

یونیورسٹی روڈ پر جاری ریڈ لائن منصوبے نے پہلے ہی کراچی کے شہریوں کی زندگی مشکل بنا رکھی ہے۔ اس منصوبے کی وجہ سے سڑکوں پر شدید ٹریفک جام اور کنسٹرکشن کے مسائل پیدا ہو چکے ہیں، جس سے شہریوں کا معمول کا سفر گھنٹوں تک طویل ہو جاتا ہے۔ اس کے علاوہ، چند ماہ پہلے ریڈ لائن کے کام کے دوران پانی کی لائن پھٹنے سے متعدد علاقوں میں پانی کی فراہمی متاثر ہوئی، جس کے بعد لوگوں کو ٹینکر خریدنے کی ضرورت پیش آئی۔

اس علاقے میں کراچی یونیورسٹی، این ای ڈی یونیورسٹی اور وفاقی اردو یونیورسٹی جیسے تعلیمی ادارے موجود ہیں، جن کے طلبا بھی روزانہ کی بنیاد پر اس پریشانی کا شکار ہیں۔ طلبا کا کہنا ہے کہ سڑک پر حادثات کی تعداد میں اضافہ ہو گیا ہے اور ہمیں گروپ بنا کر سڑک عبور کرنا پڑتی ہے، جو ایک بڑی پریشانی ہے۔

طلبا نے حکومت سے درخواست کی ہے کہ اس منصوبے کو جلد مکمل کیا جائے تاکہ ان کی روزمرہ زندگی دوبارہ معمول پر آ سکے اور سڑکوں پر سفر کرنا آسان ہو۔ اس کے علاوہ، شہریوں کو بھی اس منصوبے کی وجہ سے بڑھتی ہوئی مشکلات سے نجات مل سکے۔

ٹیگز: