Wed, September 16, 2026

فضائی حدود بحال، پی آئی اے کا معمول کا فضائی آپریشن دوبارہ شروع

فضائی حدود بحال، پی آئی اے کا معمول کا فضائی آپریشن دوبارہ شروع

اسلام آباد:پاکستان کی فضائی حدود تمام اندرون اور بیرون ملک پروازوں کے لیے مکمل طور پر کھول دی گئی ہیں۔ اس ضمن میں باقاعدہ نوٹم (NOTAM) بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کے ترجمان کے مطابق، ملک کے تمام ہوائی اڈے اب مکمل طور پر فعال ہیں اور پروازوں کا شیڈول معمول کے مطابق بحال کر دیا گیا ہے۔ مسافروں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ اپنی پروازوں کی تازہ ترین صورتحال جاننے کے لیے اپنی متعلقہ ایئرلائنز سے رابطہ رکھیں۔

فضائی سرگرمیوں کی بحالی کے ساتھ ہی پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) نے بھی اپنے فلائٹ آپریشنز دوبارہ شروع کر دیے ہیں۔ ترجمان پی آئی اے کے مطابق، پیرس سے اسلام آباد آنے والی پرواز PK-750، جو حفاظتی اقدامات کے تحت کوئٹہ میں لینڈ کی گئی تھی، اب رات 9 بجے اسلام آباد کے لیے روانہ کی جائے گی۔

دیگر ملکی و غیر ملکی پروازیں بھی رات 10 بجے سے مرحلہ وار بحال کی جا رہی ہیں۔ تمام وہ پروازیں جو معطل یا تاخیر کا شکار تھیں، اب دوبارہ شیڈول کے مطابق روانہ ہوں گی۔

ترجمان نے مزید بتایا کہ ان مسافروں سے دوبارہ رابطہ کیا جا رہا ہے جنہیں ہوٹلوں میں عارضی طور پر قیام کی سہولت دی گئی تھی یا جو گھروں کو واپس چلے گئے تھے، تاکہ وہ بروقت ائیرپورٹ پہنچ سکیں۔ علاوہ ازیں، طیارے اور دیگر اہم سازوسامان جو احتیاطاً محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا تھا، اب واپس متعلقہ آپریشنل ایریاز میں منتقل کیا جا رہا ہے۔

پی آئی اے انتظامیہ نے مسافروں سے پیش آنے والی پریشانی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ غیر معمولی حالات میں احتیاطی تدابیر اختیار کرنا ناگزیر تھا تاکہ مسافروں اور عملے کی حفاظت یقینی بنائی جا سکے۔

ٹیگز: